الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآبادنے 2کروڑ 74لاکھ19ہزار413 روپے کے اخراجات پرمشتمل اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی

بدھ 16 مئی 2018 00:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآبادنے 2کروڑ 74لاکھ19ہزار413 روپے کے اخراجات پرمشتمل اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی، جنوری تا دسمبر 2017ء کی سالانہ آڈٹ کردہ رپورٹ میں آمدنی اور مختلف مدات میں اخراجات شامل ہیں، ان میںمدارس ،صحت ،دینی لٹریچر،میت گاڑی ،ایمبولینس وینٹ ایمبولینس ،میڈیکل کیمپس،مستحقین ،کفالت یتامیٰ،اقلیتی برادری،کشمیر،برما،شام ،القدس مہاجرفنڈا ور رمضان راشن تقسیم اورتھرکی قحط سالی کے لیے اخراجات شامل ہیں، مخیر حضرات سے مزیدمالی تعاون کی ضرورت ہے تاکہ الخدمت فائونڈیشن خدمت کے شعبوں کادائرہ وسیع کرسکے۔

الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد کے صدر ڈاکٹرسیف الرحمن نے الخدمت فائونڈیشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایاکہ الخدمت کے شعبہ مدارس تفہیم القرآن کے تحت 14مدارس اور30اساتذہ کے ذریعے 1200 سے زائد طلبہ وطالبات بنیادی دینی تعلیم ،ناظرہ اور حفظ ِقرآن کی تحصیل میں مصروف ہیں، مسجدقباہیرآبادمیں خواتین اورطالبات کے لیے مختصردورانیہ کاکورس جاری ہے۔

(جاری ہے)

الخدمت جناح ہائی اسکول لطیف آباد9میں 200بچے زیرتعلیم ہیں 18اساتذہ موجودہیں، امسال 120طلبہ وطالبات نے حفظ وناظرہ کی تکمیل کی، الخدمت جناح ہائی اسکول لطیف آباد9میں 18 اساتذہ درس وتدریس میں مصروف ہیں، مسجدقباہیرآبادمیں خواتین وطالبات کے لیے مختصر دورانیے کاتربیتی کورس جاری ہے، شعبہ صحت کے تحت لطیف آبادیونٹ نمبر 10 میںایک ہسپتال مدراینڈ کیئرسینٹر میں 76ہزار785 مریضوں نے علاج و معالجے کے لیے رجوع کیا،46 طبی کیمپ لگائے گئے جن میں ماہرڈاکٹرزنے مفت معائنہ کیااورمفت ادویہ فراہم کیں، اس ہسپتال میں مختلف امراض کے ماہر 33ڈاکٹرزکاپینل موجودہے اس سال جدیدآپریشن تھیٹر اورہسپتال کی توسیع کامنصوبہ مکمل کرنے کاارادہ ہے، یونٹ نمبر8 میں جدیدسہولتوں سے آراستہ میگالیبارٹری ارزاں قیمت پر جدیدٹیسٹ کی سہولت فراہم کررہی ہے، پریٹ آبادمیںالخدمت ڈسپنسری اورٹنڈوجام میں الخد مت میڈیکل سینٹر سے ہزاروں مریضوں نے فائدہ حاصل کیا، سرکاری ونجی ہسپتالوں میںپریشان حال مریضوں کی رہنمائی اورتعاون کیا گیا، مواخات پروگرام کے تحت روزگاراسکیم جاری ہے، شہریوں کوایمبولینس ، وینٹ ایمبولینس اورمیت بس سروس کی خدمات مہیاکی گئیں، کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت 165سے زائدیتیم بچوں کوماہانہ وظائف ،کتب ،یونیفارم اورجوتے فراہم کیے گئے، ان شاء اللہ اس سال 300تک یتیم بچوں اوربچیوں کی کفالت کامنصوبہ ہے، شعبہ امدادِمستحقین کے تحت پورے سال غریب مستحق افرادکی مالی اعانت اور مفت علاج میں تعاون کیاگیا، معذورین کووہیل چیئر دی گئیں، عیدالاضحی کے ایام میں 13 گائیں اور بکروں کی قربانی کی گئی اوران کاگوشت مستحقین میں تقسیم کیاگیا، رمضان المبارک میں سیکڑوں خاندانوں میں راشن تقسیم کیاگیا، صاف پانی کی فراہمی کے لیے لطیف آباد11،ہیرآباد،سول ہسپتال،پریٹ آباد،عثمان شاہ اورٹنڈوجام میں واٹرفلٹریشن پلانٹ کے ذریعے صاف پانی فراہم کیاگیاہے اوریہ سلسلہ جاری ہے۔

ڈاکٹر سیف الرحمن نے بتایا کہ الخدمت فائونڈیشن کومختلف مدات وشعبہ جات کے لیے 2کروڑ 74لاکھ19ہزار413 روپے کی آمدنی ہوئی تھی اس آمدنی میں 42ہزار215 روپے گزشتہ سال کے بچت شدہ شامل ہیں، انہوں نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن نے کم سے کم وسائل میں زیادہ سے زیادہ مسائل کے لیے کام کرنے کوشش کی ہے الخدمت فائونڈیشن کے رضاکارصلہ اور ستائش کی تمناکے بغیر اللہ کی رضاکے لیے شہریوں کی تمام شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں، مخیر حضرات سے مزیدمالی تعاون کی ضرورت ہے۔تاکہ الخدمت فائونڈیشن خدمت کے شعبوں کادائرہ وسیع کرسکے۔