کیڈٹ کالج مستونگ میں طلبہ پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کالج پرنسپل عہدے سے معطل ، گرفتار کرلیا گیا

بلوچستان ہائی کورٹ نے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

منگل 15 مئی 2018 23:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) کیڈٹ کالج مستونگ میں طلبہ پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کالج کے پرنسپل کو عہدے سے معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیدیا۔ گورنر بلوچستان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کالج پرنسپل جاوید اقبال بنگش کو معطل کردیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ محکمہ کالجز کی تین رکنی کمیٹی نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

واقعہ کے خلاف ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی بلوچستان ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ طلبہ پر تشدد بربریت ہے۔ ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔ قائمقام ریجنل پولیس آفیسر اعتزاز گورائیہ نے عدالت کو بتایا کہ کالج کے پرنسپل کو گرفتار کرلیا ہے۔ تشدد میں ملوث باقی ملزمان کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے عدالت نے تشدد میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کیلئے ملتوی کردی۔