بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو مستردکرتے ہیں،عبدالرحیم زیارتوال

بجٹ میں کئی اضلاع کو نظر انداز کرکے چند ایک اضلاع کیلئے زیادہ بجٹ رکھا گیا ہے،اپوزیشن لیڈر

منگل 15 مئی 2018 23:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو مستردکرتے ہیں،اس بجٹ میں کئی اضلاع کو نظر انداز کرکے چند ایک اضلاع کیلئے زیادہ بجٹ رکھا گیا ہے ،یہ بات بجٹ اجلاس کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہی ،اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ گذشتہ بجٹ کی نسبت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی مد میں دو ارب روپے کا اضافہ کیاگیاہے،جو نہ ہونے کے برابر ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کی واضح احکامات کے باوجود محکمہ اب پاشی کو بالکل نظرانداز کیا ،صحت کے شعبے میں زیادہ رقم نہیں رکھی ہے ،عبدالرحیم زیارتوال نے الزام عائد کیا کہ اس بجٹ میں دوسرے اضلاع سے رقم منقطع کرکے ایک ضلع کوزیادہ بجٹ دیاگیاہے،عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ اپوزیشن بجٹ اجلاس کی حوالے سے اپنی مشترکہ حکمت عملی تیارکرے گی ،دوسری جانب بلوچستان اسمبلی میں جمعیت علما اسلام پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ صوبے کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو متوازن قرار دے دیا ، موجود صورتحال میں آئندہ مالی کا بجٹ ایک اچھا بجٹ ہے ۔