ریحان ہاشمی کا ضلع وسطی کی مختلف یونین کمیٹیز کا ہنگامی دورہ

مساجد،امام بارگاہوں ، نماز تراویح کے مقامات پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کا جائزہ

منگل 15 مئی 2018 23:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ضلع وسطی کی مختلف یونین کمیٹیز کا ہنگامی کا دورہ کیا اور رمضان المبارک کی آمد کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے مساجد ،امام بارگاہوں،نماز تراویح کے اجتماعات کے مقامات کے علاوہ بازاروں اور تجارتی مراکز کا دورہ کیا اس موقع پر فوکل پرسن بلدیہ وسطی نبیل احمد، اسٹنڈنگ کمیٹی ورکس کے چیئرمین عارف شاہ ، یونین کمیٹی 43 کے وائس چیئرمین آصف خان ،یوسی نمبر 9 کے وائس چئرمین مسعود رزاق ،یوسی نمبر46 وائس چیئرمین مقصود احمد بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران صفائی ستھرائی کے انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے جبکہ افطار کے وقت مختلف علاقوں میں جہاں ٹریفک جام ہونے کا امکان رہتا ہے وہاں سے تجاوزات کو ہٹانے کے احکامات صادر کئے انہوں نے صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید تیز بہتر کرنے کی ہدایت کی ،واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران کراچی کے دوسرے علاقوں کی طرح ضلع وسطی میں بھی نماز تراویح کے اجتماعات ،مساجد کے علاوہ میدانوں اور دیگر جگہوں پر بھی منعقد کی جاتی ہیں جہاں صفائی اور رات کے وقت روشنی کے زیادہ انتظامات کی ضرورت پڑتی ہے اس صورت حال کے پیش نظر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے متعلقہ شعبوں میں ایمرجنسی نافز کرکے عملے کو 24 گھنٹے حاضر رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران ضلع وسطی میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے دوسری جانب کراچی سے دوسرے شہروں جانے والا ٹریفک زیادہ تر ضلع وسطی سے ہوکر گزرتا ہے اس لئے رمضان المبارک میں ہونے والی ممکنہ ٹریفک جام سے نمٹنے کے لئے سڑکوں سے پتھارے اور تجاوزات کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کئے