پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت پارٹی کا ایک اہم اجلاس

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، فلسطینیوں کے قتل عام اور فاٹا کے انضام کے متعلق قانونسازی کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

منگل 15 مئی 2018 23:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت پارٹی کا ایک اہم اجلاس بلاول ہائوس کراچی میں ہوا، جس میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، سابق وزیراعلی قائم علی شاہ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، ایم این اے سید نوید قمر، پی پی پی سندھ کے سینیئر نائب صدر منظور حسین وسان، پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، فلسطینیوں کے قتل عام اور فاٹا کے انضام کے متعلق قانونسازی کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نواز شریف کے حالیہ بیان کا بھی جائزہ لیا گیا اور نشاندھی کی گئی کہ نواز شریف نے بطور وزیراعظم چار سال تک کل وقتی وزیرخارجہ مقرر نہ کر کے ملک کو سفارتی طور قیدِ تنہائی میں رکھا۔ اجلاس نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور اس کی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان کا مضبوط موقف عالمی برادری میں جگہ حاصل نہ کر سکا۔

اجلاس کی جانب سے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز بلند کرے۔ پی پی پی قیادت نے پارٹی کے سینیٹرز و ارکان قومی اسمبلی کو ہدایت کی کہ آئینی حقوق کا دائرہ کار قبائلی علاقوں تک بڑھانے اور خیبر پختونخواہ کے ساتھ فاٹا کے انضمام کے متعلق آئندہ ہونے والی قانونسازی میں وہ اپنا فعال کردار ادا کریں۔