ڈی آئی خان جیل کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،ڈی سی افضل آفریدی

منگل 15 مئی 2018 23:55

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر نعمان افضل آفریدی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان جیل کو سیکورٹی کے حوالے سے محفوظ بنانے اور قیدیوں و دیگر حوالاتیوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی کی صورتحال اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے دورے کے دوران کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ سپرنٹنڈ نٹ سنٹرل جیل ڈی آئی خان بن یا مین خان میانخیل و دیگر افسران و عملہ بھی موجود تھا۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران قیدیوں کی بارکوں اور ان میں فراہم کی جانے والی سہولیات ، ہسپتال ، کچن وغیرہ کا بھی معائنہ کیا۔ ہسپتال میں ادویات چیک کرنے کے علاوہ جیل میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک کا بھی معائنہ کیا اور روٹی کا وزن بھی چیک کیا۔

(جاری ہے)

مختلف بارکوں کے دورے کے دوران انہوں نے بارکوں کی صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بھی چیک کیا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے فیز ٹو میں تعمیر ہونے والے جیل کے نئے بلاک کا بھی معائنہ کیا ، وہاں کے مختلف حصوں میں گئے، تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیل کو سیکیورٹی کے حوالے سے محفوظ بنانے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

جیل کے قیدیوں اور حوالاتیوں کو ادویات ، خوراک و دیگر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈیرہ جیل کے دورے کے موقع پر قیدیوں اور حوالاتیوں سے ان کے مسائل بھی دریافت کیے اور جیل انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو قیدیوں کی اصلاح کی بھی ہدایت کی تاکہ اسیری کا عرصہ گزارنے کے بعد وہ جیل سے رہا ہو کر معاشرے کے موثر اور پر امن شہری ثابت ہوں۔

انہوں نے جیل میں منشیات کی روک تھام اور قیدیوں اور حوالاتیوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ قبل ازیں سپرنٹنڈنٹ جیل بن یامین خان نے ڈپٹی کمشنر کو سنٹرل جیل کی سیکورٹی و تعمیر و مرمت کے سلسلے میں درپیش مسائل و مشکلات کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :