ہماری حکومت نے 5سال کے عرصہ میں ترقیاتی اخراجات میں 300 فیصد اضافہ کیا، مفتاح اسماعیل

منگل 15 مئی 2018 23:54

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے 5سال کے عرصہ میں ترقیاتی اخراجات میں 300 فیصد اضافہ کیا جوکہ اپنی جگہ ایک ریکارڈ ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2018-19ء پر بحث کو سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ برس میں بغیر کسی تفریق کے پاکستان کے تمام علاقوں میں توانائی اور مواصلات کے منصوبے شروع کئے گئے تاکہ عوام کو معاشی ترقی کے فوائد یکساں طور پر حاصل ہو سکیں۔

ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ کم ترقی یافتہ علاقوں جیسا کہ بلوچستان، جنوبی پنجاب، جنوبی کے پی کے، اندرون سندھ اور فاٹا میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم اپنے اگلے دور حکومت میں ترقیاتی اخراجات میں اضافے کی یہ رفتار برقرار رکھیں گے۔