ملکی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے نئے ایکسپورٹ پیکیج کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا، مفتاح اسماعیل

منگل 15 مئی 2018 23:51

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ملکی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے نئے ایکسپورٹ پیکیج کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2018-19ء پر بحث کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ ملک کے برآمدی شعبہ کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے نواز شریف نے جنوری 2017ء میں ایک ایکسپورٹ پیکیج کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

یہ پیکیج 30 جون 2018ء کو ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ روپے کی قدر میں حالیہ 10 فیصد کمی کے بعد برآمدی شعبہ کی مسابقت میں خاطر خواہ اضافہ ہو چکا ہے اور کسی ریبیٹ کی ضرورت نہیں رہ جاتی تاہم برآمدات میں مزید اضافہ کرنے کیلئے اور اس ایوان کے پرزور اصرار پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی خصوصی ہدایت پر ہم ایک نیا ایکسپورٹ پیکیج مرتب کر رہے ہیں جس کا اعلان اگلے چند دنوں میں کر دیا جائے گا۔