چین کا پاکستان اور افغانستان مابین امن و استحکام کے لئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کااعادہ ، دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری کیلئے کردار اداکرنے کی پیشکش

دونوں ممالک مابین تعاون سے خطے میں امن و ترقی کے راستے کھلیں گے،چین پاک افغان تعلقات میں بہتری اور فلسطینی معاملہ پر اپنا کرادر ادا کرنے کو تیار ہے،چین کو فلسطین میں ہلاکتوں پر تشویش ہے،یروشلم کی تاریخی حیثیت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،، ترجمان چینی وزارت خارجہ کی

منگل 15 مئی 2018 23:44

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) چین نے پاکستان اور افغانستان مابین امن و استحکام کے لئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کااعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ افغانستان میں امن کے لئے مناسب ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے،دونوں ممالک مابین تعاون سے خطے میں امن و ترقی کے راستے کھلیں گے،چین پاک افغان تعلقات میں بہتری کے لئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے،چین فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے،چین کو فلسطین میں ہلاکتوں پر تشویش ہے،یروشلم کی تاریخی حیثیت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،چینی فلسطین معاملے پر عالمی طاقتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

منگل کے روز چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کھانگ نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین نے پاکستان اور افغانستان مابین امن و استحکام کے لئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک مابین اعتماد کی فضا قائم ہو نی چاہئے۔ افغانستان میں امن کے لئے مناسب ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔دونوں ممالک مابین تعاون سے خطے میں امن و ترقی کے راستے کھلیں گے۔

افغانستان اور پاکستان دونوں چین کے بہترین پڑوسی ممالک ہیں اس لئے چین پاک افغان تعلقات میں بہتری کے لئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔چین نے پاکستان اور افغانستان کے ایکشن پلان کے اجلاس کے بارے میں کہا ہے کہ اتفاق رائے سے افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان اور خطے میں امن اور استحکام کیلئے ٹھوس ماحول کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے۔ پریس بریفنگ کے دوران لوکھانگ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے دوست اور ہمسائے کے ناطے سے چین اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرنے اور سہ فریقی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے۔

افغانستان اور پاکستان دونوں نے اسلام آباد میں افغانستان کے امن اور یکجہتی کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں اتفاق کیا تھا کہ ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد سے دہشتگردی کے خاتمے، امن ، استحکام اور خوشحالی کے حصول اور دونوں ملکوں کے عوام کی ترقی کے مشترکہ اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ترجمان نے صحافیوں کی جانب سے فلسطین بارے کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین کو فلسطینیوں کی ہلاکت پر گہری تشویش ہے۔

چین اسرائیلی تشدد کی سخت مخالفت کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے معاملے کو سنجیدگی سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔یروشلم کی تاریخی حیثیت کو بحال کر نے کے لئے اقوام متحدہ اپنا کردار صحیح طور پر ادا کرے ۔چین فلسطین کے معاملہ پر عالمی برادری کے سارتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔تشدد کا راستہ اپنا کر مشرق وسطیٰ میں خون ریزی کی گئی اس کو روکنا ضروری ہے۔ چین اس مسئلے کے حل کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے۔