مظالم قابل مذمت ،فلسطینی عوام اور الاقصیٰ کا تحفظ ہر صورت عزیز ہے‘الشیخ صالح بن عبد العزیز آل شیخ ،الشیخ عبد الرحمن السدیس

سعودی عرب اہل فلسطین کے ساتھ ہے ،امریکی سفارتخانے کو القدس منتقل کرنے کے فیصلے کو مسترد کیا ہے ‘طاہر محمود اشرفی سے ملاقات میں گفتگو

منگل 15 مئی 2018 23:31

مکة المکرمہ /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور الشیخ صالح بن عبد العزیز آل شیخ اور امام حرمین الشریفین الشیخ عبد الرحمن السدیس نے کہاہے کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کیلئے اہم ترین مسئلہ ہے ، سعودی عرب اہل فلسطین کے ساتھ ہے ،سعودی عرب نے امریکی سفارتخانے کو القدس منتقل کرنے کے فیصلے کو مسترد کیا ہے ،پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مستحکم اور مضبوط ہیں ، پاکستانی قوم اور فوج نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف عظیم جدوجہد کی ہے۔

وہ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے مکة المکرمہ میں ملاقا توں کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں کی ہر لمحہ تائید کرتی ہے اور فلسطین کا مسئلہ عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے ، فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم قابل مذمت ہیں، فلسطینی عوام اور الاقصیٰ کا تحفظ ہر صورت عزیز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف علماء اور مفکرین کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ، پاکستان نے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا ہے اور پاکستانی قوم اور فوج کی جدوجہد قابل تحسین ہے ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کی مضبوطی ، سلامتی اور استحکام چاہتا ہے ، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز ور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی پاکستان سے خصوصی محبت ہے اور پاکستانی عوام اور سعودی عرب کی عوام کے درمیان ایمان اور عقیدے کے رشتے ہیں۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین سے محبت ایمان کا جز و ہے ، ارض الحرمین الشریفین اور پاکستان کے دشمن ایک ہیں سعودی عرب کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والوں کا ہدف مکتہ المکرمہ اور مدینة المنورہ ہیں، انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر مسلسل حملے قابل تشویش ہیں ، سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہے ، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اسلامی سربراہی کانفرنس کو حوثی باغیوں اور ان کے سر پرستوں کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہیے ۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب کی قیادت کے فلسطین کے مسئلہ پر مؤقف کو عالم اسلام کے مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کا خون رنگ لائے گا اور الاقصیٰ کو آزادی نصیب ہو گی۔