چین سری لنکا تجارتی نمائش کولمبو میں شروع ہوگئی

نمائش 20مئی تک جاری رہے گی ، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں تعاون کو فروغ ہوگا

منگل 15 مئی 2018 23:27

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) چین اور سری لنکا کے درمیان گزشتہ سال تجارتی حجم 4.4ارب امریکی ڈالر رہا جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،چینی کمپنیاں سری لنکا کے کئی منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں اور اب چین سری لنکا تجارتی نمائش کے انعقاد سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مزید فروغ حاصل ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار گوانگ ژی ژوانگ خودمختار ریجن کے محکمہ تجارت کے ڈائریکٹر دیائو ووئی ہانگ نے یہاں چین سری لنکا تجارتی نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش 20مئی تک جاری رہے گی اور اس سے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں تعاون کو فروغ حاصل ہوگا اور منصوبے سے وابسطہ ممالک ایک دوسرے کے زیادہ قریب آ جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سری لنکا مغرب اور مشرق اور چینی صوبے گوانگ ژی کے ساتھ رابطے کا بڑا ذریعہ ہے ، اس نمائش میں سری لنکا کی دس کمپنیوں کو اپنی مصنوعات چینی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا موقع ملے گا جبکہ 120چینی کمپنیاں نمائش میں حصہ لے رہی ہیں ۔ نمائش میں تعمیراتی میٹریل ، مشنری ، خوراک ،چائے ، گھریلو ٹیکسٹائل اور کپڑوں کی بھی نمائش کی گئی ہے جبکہ گھریلو استعمال اور بجلی کا سامان بھی نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے ۔ نمائش کا اہتمام گوانگ ژی ژوانگ کے محکمہ تجارت ،سری لنکا کے چیمبر آف کامرس نے مشترکہ طور پر کیا ہے ۔