ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات آزادکشمیر ڈاکٹر آصف حسین کی زیر صدارت آزادکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس

اجلاس میں 1ارب 95کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 13منصوبہ جات زیر غور لائے گئے

منگل 15 مئی 2018 23:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 مئی2018ء) آزادکشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین کی زیر صدارت آزادکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں 1ارب 95کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 13منصوبہ جات زیر غور لائے گئے ۔ اجلاس میںسیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد ، وفاقی حکومت کے نمائیندگان ، متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان و آفیسران اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں مختلف سیکٹرز کے منصوبہ جات کوزیر غور لایا گیا ان میں برقیات ، بیرونی امداد سے چلنے والے منصوبہ جات ، فزیکل پلاننگ و ہاوسنگ ، ترقیاتی ادارہ جات ، بحالیات وآباد کاری ، سیاحت ، سول ڈیفنس ، صنعت و حرفت اور بلدیات و دیہی ترقی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جن منصوبہ جات کو زیر غور لایا گیا ان میں وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کا شعبہ برقیات کا منصوبہ ، AK.DCRIPکے تحت کردلہ ضلع مظفرآباد کے مقام پر سیلاب سے متاثرہ سٹرکچر کی بحالی اور ضلع بھمبر میں بھمبر نالہ کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ سٹرکچر کی بحالی ، ضلع مظفرآباد میں تین پولیس سٹیشنز کی تعمیر اور ضلع ہٹیاں میں پولیس سٹیشن کی تعمیر ، تعمیر ہاسٹل ہمراہ پولیس ٹریننگ سکول ، پولیس لائن مظفرآبادکے لیے 50کنال اراضی کی خرید کے علاوہ ٹریفک کے لیے ایمرجنسی نوعیت کے سامان کی خرید ، مظفرآباد شہر سڑکات کی بہترگی /پختگی ، مہاجرین مقیم پاکستان کے لیے سہولیات کی فراہمی ، لائن آف کنٹرول سے منسلکہ چھ سب ڈویژن میں بم ڈسپوزل سہولیات کا قیام ، ضلع میرپور میں بانگ کے مقام پر مجوزہ سپیشل اکنامک زون کے لیے اراضی کی خرید، محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کو دفتری و دیگر مطلوبہ سامان کی فراہمی اور پیدائش و دیگر ضروری اعداد و شمار کا حصول ، آزاد کشمیر میں GISکی بنیاد پر مختلف شعبہ جات سے متعلقہ نقشہ جات کی تیاری اور آزاد کشمیر میں مختلف سروے /اعداد و شمار کا حصول شامل ہے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین نے کہاکہ فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے ،منصوبہ جات کی موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ فنڈز کا صحیح استعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے سیکرٹری صاحبان خود نگرانی کرینگے ۔انہوں نے سیکرٹریز حکومت کو منصوبہ میں شفافیت اور منصوبوں کی مالی سال کے اختتام سے قبل تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔