پاکستان تمام علاقائی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار رکھنے اور خطہ میں امن کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے ،ْوزیر اعظم

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اقتصادی لحاظ اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے حوالہ سے خطیر قربانیاں دی ہیں ،ْ نیپالی آرمی چیف سے گفتگو

منگل 15 مئی 2018 22:26

پاکستان تمام علاقائی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار رکھنے اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان تمام علاقائی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار رکھنے اور خطہ میں امن کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے۔ وہ نیپالی فوج کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل رجیندرا چھیتری سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع و خارجہ امور خرم دستگیر اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ تمام علاقائی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار رکھنے اور خطہ میں قیام امن کی کاوش کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اقتصادی لحاظ اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے حوالہ سے خطیر قربانیاں دی ہیں۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان دفاع کے شعبہ میں تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ نیپالی فوج کے سربراہ نے نیپال کے وزیراعظم کھگداد پرشاد اولی کی طرف سے وزیراعظم کو نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔