بحریہ نیشنل انٹر سکول بیس بال چیمپئن شپ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مراکہ کواٹرز لاہور نے جیت لی

منگل 15 مئی 2018 21:18

بحریہ نیشنل انٹر سکول بیس بال چیمپئن شپ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) پاکستان فیڈریشن بیس بال اور بحریہ ٹائون سپورٹس ونگ کے زیراہتمام بحریہ نیشنل انٹر سکول بیس بال چیمپئن شپ جس کا انعقاد عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹائون لاہور میں کیا گیاتھا گورنمنٹ ہائی سکول مراکہ نے فائنل میں دانش سکول بہاولپور کو شکست دے کر جیت لی۔ الائیڈ سکول دیپالپور کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

آج صبح کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مراکہ نے الائیڈ سکول دیپالپور کو 6-5سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ مراکہ سکول کے لئے حمیداللہ ، عزیز ، فیاض، جنید ، نور اور شعیب نے ایک ایک رن سکورکیا ۔ جبکہ الائیڈ سکول کی جانب سے عادل، حمزہ، فرقان، حارث اور طلحہ نے ایک ایک رن سکور کیا۔

(جاری ہے)

طلحہ نے اپنی ٹیم کی جانب سے ہوم رن سکور کیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں دانش سکول بہاولپور نے ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹائون کی ٹیم کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ دانش سکول کی جانب سے ابوبکر اور طلحہ نے ایک ایک رن سکور کیا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں الائیڈ سکول دیپالپور نے ڈی پی ایس سکول کو 8-1 سے شکست دے کر برائونز میڈل حاصل کیا۔ الائیڈ سکول کے لئے طلحہ ، احسن ، حارث، علی حمزہ، علی حیدر، عادل، سنی اور عاصم نے ایک رن سکورکیا۔

جبکہ ڈی پی ایس سکول کے لئے حارث نے ایک رن سکورکیا۔ فائنل میچ میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مراکہ نے دانش سکول بہاولپور کو 2کے مقابلے میں 10رن سکور کرکے ہراکر چیمپئن شپ جیت لی۔ سے ہرا کرجیت لیا۔ مراکہ سکول کی جانب سے عبدالمالک ، جہاداللہ اور شعیب نے 2رن سکورکئے جبکہ عزیز ، فیاض ، عادل اور محمد شاہ نے ایک ایک رن سکورکیا۔ دانش سکول کے لئے دانش اور ابوبکر نے ایک ایک رن سکورکیا۔

فائنل میچ کے مہمان خصوصی بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بحریہ ٹائون لاہور تھے۔ اس موقع پر پاکستان بیس بال کے ہیڈ کوچ مصدق حنیف بھی موجود تھے۔ سید فخرعلی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے مہمان خصوصی اور دوسرے مہمانوں کا استقبال کیا۔ فائنل میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مراکہ نے گولڈ میڈل، دانش سکول بہاولپور نے سلور میڈل اور الائیڈ سکول دیپالپور نے برائونز میڈل حاصل کیا۔ میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ نے دونوں ٹیموں کے کھیل کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑی بیس بال کے انٹر نیشنل مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا عمدہ مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے وطن کے لئے کامیابیاں سمیٹیں گے ۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر بحریہ ٹائون سپورٹس ونگ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔