سینیٹر سراج الحق دو روزہ دورے پر قطر روانہ / لیاقت بلوچ قائم مقام امیر جماعت مقرر

منگل 15 مئی 2018 21:18

سینیٹر سراج الحق دو روزہ دورے پر قطر روانہ / لیاقت بلوچ قائم مقام امیر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) قائمقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ نوازشریف کا بیانیہ ملک و ملت کے ساتھ ساتھ حکمران جماعت کے لیے بھی’’ پریشانیہ‘‘ بن چکاہے ۔ خود شہبازشریف اور وزیراعظم خاقان عباسی اپنے قائد کے بیانیہ سے متفق نہیں ہیں ۔ اقتدار سے معزولی کے بعد نوازشریف نے مسلسل عدلیہ اور حساس اداروں کو ہدف تنقید بنارکھاہے ۔

بھارت پاکستان کا ا زلی دشمن ہے او ر سابق وزیراعظم بھارت کو خوش کرنے کے لیے ملکی سلامتی سے کھیل رہے ہیں ۔نوازشریف کے بیانات سے ملک کو نقصان اور امریکہ و بھارت کو فائدہ ہورہاہے ۔ 16 مئی کوالقدس میں یہودیوں کے مظالم کے خلاف یوم احتجاج منایا جائے گا اور 18 مئی کو متحدہ مجلس عمل پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں ایک سادہ تقریب میں قائم مقام امیر جماعت اسلامی کا حلف اٹھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امراء حافظ محمد ادریس ، راشد نسیم ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر ، سابق سیکرٹری اطلاعات محمد انور نیازی و دیگر بھی موجود تھے ۔ یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق پاکستانی کمیونٹی کی دعوت پر دو روزہ دورے پر قطر روانہ ہوگئے ہیں اور انہوںنے اپنی بیرون ملک روانگی سے قبل لیاقت بلوچ کو قائم مقام امیر جماعت اسلامی مقرر کیاہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ نوازشریف کے بھارت نواز بیانیے سے عوام کے اندر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور پورا ملک سراپااحتجاج ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں مضبوط جمہوریت ، آئین کی بالادستی اور ریاست و سیاست میں توازن کے لیے شفاف اور غیر جانبدارانہ بروقت انتخابات ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ذمہ دارانہ جمہوری رویے اور پارلیمنٹ کو اہمیت دے کر ہی ملک کو مستحکم ، خوشحال اور جمہوری بنایا جاسکتاہے ۔

لیاقت بلوچ نے اسرائیلی فائرنگ اور گولہ باری سے 60 کے قریب نہتے فلسطینیوں کی شہادت اور 25 سو سے زائد کے زخمی ہونے پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی اور اسرائیلی فو ج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ۔ انہوںنے کہاکہ بیت المقدس فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مسلمانوں کا قبلہ او ل اور مقدس شہر ہے ۔ استعماری صیہونی قوتوں کی انصاف و مسلم دشمنی نے دنیا کے امن کو تہ و بالاکر دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ امریکی سفارتخانے کی منتقلی کی تقریب میں 86 ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی جس میں صرف 33 نے شرکت کی یہ امریکہ اور اسرائیل کی ناکامی ہے ۔