لاہور ہائیکورٹ ، سٹاک ایکسچینج میں23 کروڑ فراڈ میں ملوث سٹاک ماسٹر بروکر کے مالک ملزم کی ضمانت کی درخواست کی سماعت

ملزم کے وکیل کو رقم کی واپسی اور پلی بارگین بارے رپورٹ 22 مئی تک پیش کرنے کا حکم

منگل 15 مئی 2018 20:57

لاہور ہائیکورٹ ، سٹاک ایکسچینج میں23 کروڑ  فراڈ میں ملوث سٹاک ماسٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سٹاک ایکسچینج میں23 کروڑ روپے فراڈ میں ملوث سٹاک ماسٹر بروکر کے مالک ملزم کی ضمانت کی درخواست پر ملزم کے وکیل کو رقم کی واپسی اور پلی بارگین بارے رپورٹ 22 مئی تک پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

(جاری ہے)

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزم عبدالقیوم چشتی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمپنی ہائیکورٹ کے حکم پر تحلیل اور اثاثے کمپنی جج کی تحویل میں ہیں، اثاثے فروخت کرکے رقم کرلی جائے اور ضمانت منظور کی جائے، نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر زاہد منہاس نے بتایا کہ ملزم نے سٹاک ایکسچینج میں بروکریج ہاوس بناکر 23 کروڑ روپے کا فراڈ کیا جبکہ ملزم کے اثاثے 9 کروڑ روپے کے ہیں، فراڈ کی رقم اور اثاثوں میں 14 کروڑ روپے کا فرق ہے جبکہ 623 فراڈ متاثرین ہیں، ملزم کے موجودہ اثاثوں کی فروخت سے متاثرین کی رقوم کی ادائیگی ممکن نہیں، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ضمانت کی درخواست مسترد کرے۔