شناختی کارڈز اور ووٹر لسٹوں کی تیاری میں نادرا عوام کو رعایت دے رہا ہے،طلال چوہدری

انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کیلئے بہت زیادہ اخراجات آتے ہیں،فیس میں اضافہ کو واپس لینا ممکن نہیں، ا یوان بالا میں توجہ دلائو نوٹس پر اظہار خیال

منگل 15 مئی 2018 20:57

شناختی کارڈز اور ووٹر لسٹوں کی تیاری میں نادرا عوام کو رعایت دے رہا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شناختی کارڈز اور ووٹر لسٹوں کی تیاری میں نادرا عوام کو رعایت دے رہا ہے۔ انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کے لئے بہت زیادہ اخراجات آتے ہیں۔ فیس میں اضافہ کو واپس لینا ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن کے بعد انگوٹھوں کی تصدیق کے لئے ٹربیونلز یا عدالتوں سے 24 حلقوں کی نشاندہی کی گئی لیکن ان میں بھی 32 سے 33 فیصد کی تصدیق ہو پائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگوٹھے کے نشان کی تصدیق ایک مشکل کام ہے۔ نادرا پہلے ہی شناختی کارڈ اور ووٹر لسٹوں کی تیاری کے عمل میں رعایت دے رہا ہے اور الیکشن کو سستا کرنے کے لئے پہلے ہی کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کو انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کے لئے جتنی رقم ملی اس سے دوگنا نادرا نے خود خرچ کئے ہیں اس لئے انگوٹھے کے نشان کی تصدیق کے لئے فیس میں اضافہ کیا گیا ہے اسے برقرار رکھا جانا چاہئے