اسرائیل، فلسطین میں خون کی ہولی بندکرے، اقوام متحدہ اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لے :شہبازشریف

فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ و بمباری کی شدید مذمت ،جاں بحق فلسطینیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار

منگل 15 مئی 2018 20:45

اسرائیل، فلسطین میں خون کی ہولی بندکرے، اقوام متحدہ اسرائیلی مظالم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے غزہ میںاسرائیلی فوج کی فلسطینیوں پر فائرنگ و بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔ محمد شہبازشریف نے اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنیوالے فلسطینیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے فلسطینی شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں فوری طور پر خون کی ہولی بند کرے اور اس ضمن میں اقوام متحدہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لے اور عالمی برادری اس سلسلے میں اسرائیل پر بھرپور دبائو ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی احساسات و جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں اور اس اقدام سے امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کی بجائے ایک مرتبہ پھر قیام امن کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے جبکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنانا انسانیت سوز فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فلسطینیوں کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کرے اور فلسطین کے مسئلے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جائے۔