ایندھن فراہم نہ ہوا تو غزہ میں شدید مشکلات پیدا ہوجائیں گی،اقوام متحدہ

منگل 15 مئی 2018 20:44

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے ادارہ نے کہا ہے کہ غزہ میں ایندھن کی فراہمی کیلئے متبادل راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلق ادارہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایندھن کی عدم دستیابی کیوجہ سے ہسپتالوں، صفائی، نکاسی آب حتیٰ کے پانی کی فراہمی جیسے معاملات مشکل ہوتے جارہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جانب سے یہ اپیل ایک ایسے موقع پر سامنے آئی،جب چند روز قبل فلسطینیوں نے اسرائیل کے ساتھ ایک کراسنگ پر ایندھن کا ایک ٹرمینل تباہ کردیا تھا۔حکام کے مطابق اس ٹرمینل کی مرمت میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔اسرائیل نے اس حملے کی ذمہ داری حماس پر عائد کی تھی،تاہم حماس کی جانب سے اس سلسلے میں عوامی سطح پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔