پاپائے روم نے تحفے میں ملنے والی سفید قیمتی گاڑی فروخت کردی

مہنگی اسپورٹس کار کو قریبا 6 ماہ اپنے پاس رکھنے کے بعد اسے فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم کو فلاحی کاموں میں خرچ کرنے کا منصوبہ بنا لیا

منگل 15 مئی 2018 20:42

ْ پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم کو تحفے میں ملنے والی سفید رنگ کی قیمتی اسپورٹس ’لامبور گینی‘ کار کو ریکارڈ قیمت میں فروخت کردیا گیا۔مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے انتہائی مہنگی اسپورٹس کار کو قریبا 6 ماہ اپنے پاس رکھنے کے بعد اسے فروخت کرکے اس سے حاصل ہونے والی رقم کو فلاحی کاموں میں خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا۔

پوپ فرانسس کی خواہش پر ہی اس قیمتی اور دیدہ زیب ’لامبور گینی‘ کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔فروخت سے قبل اس گاڑی پر پوپ فرانسس نے اپنے دستخط بھی کیے تھے، تاکہ اس گاڑی کو زیادہ سے زیادہ قیمت پر فروخت کیا جا سکے۔اٹلی کی اسپورٹس کار ساز کمپنی ’لامبور گینی‘ کے مطابق پوپ فرانس کو تحفے میں دی گئی قیمتی کار کو یورپی ملک مناکو میں ایک آکشن تقریب کے دوران فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

فروخت سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کہ ’لامبور گینی‘ کو زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ یورو میں فروخت کیا جاسکے گا، تاہم اسے اندازوں سے دگنی قیمت سے بھی زیادہ قیمت پر فروخت کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ’لامبور گینی‘ کو ایک نامعلوم شخص نے سب سے زیادہ بولی دے کر خرید لیا۔اس کار کی نیلامی کے شروع ہوتے ہی اس کی پہلی بولی ڈیڑھ لاکھ یورو لگائی گئی، یوں آخر میں ایک نامعلوم شخص نے 7 لاکھ 15 ہزار یورو کی بولی دے کر اس کار کو خرید لیا۔۔