دنیا میں بڑی تیزی سے تبدیلیاںرونما ہورہی ہیں،گورنر بلوچستان

نئی ترجیحات کا تعین اور دستیاب مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضح کرنے کا تقاضا کررہی ہیں،محمد خان اچکزئی

منگل 15 مئی 2018 20:37

دنیا میں بڑی تیزی سے تبدیلیاںرونما ہورہی ہیں،گورنر بلوچستان
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہاہے کہ دنیا میں بڑی تیزی سے تبدیلیاںرونما ہورہی ہیں جو نئی ترجیحات کا تعین اور دستیاب مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضح کرنے کا تقاضہ کررہی ہیں انہوںنے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کیلئے ہمیں پل پل بدلتی دنیا کے جدید تقاضوںسے ہم آہنگ ہونا پڑ یگا ۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوںنے منگل کے روز یونیورسٹی آف بلوچستان کے پندرھویں کانو کیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پارلیمینٹیرین، ماہرین تعلیم ، سرکاری جامعات کے وائس چانسلر ز کے علاوہ والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پندرھویں کانو کیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بلوچستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت یہ خطہ معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس بات پر یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیاں بالخصوص نوجوانوں کیلئے علم ، ہنر اور روزگار کی فراہمی کیلئے نئی راہیں کھولی جارہی ہیں ۔ ضروری ہے کہ اس کے پیش نظر آپ اپنی تمام تر توانائی اور توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز رکھیں ، خوب مطالعہ کیا کریں ۔ یہی نئی نسل کیلئے کامیابی اور سرخر وئی کاراستہ ہے ۔

گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ وہ سیلبس پرنظر ثانی کریں اور موجودہ ضرورتوں اور تقاضوں کے مطابق اس میں تبدیلی لائیں ۔ انہوںنے کہا کہ ہم آر ٹیفیشل انٹیلیجنس کے دور میں رہ رہے ہیں ۔جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کے ذریعے ہمیں جدید علم و تحقیق تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں آج ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ سائنس و ٹیکنالوجی بالخصوص کمپیوٹر کا بٹن دباکر سب چیزیں دستیاب ہوجاتی ہیں ۔

انفارمیشن ریو لوشن کے نتیجے میں فاصلے سمٹ گئے اور دنیا سکڑ گئی ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم یافتہ بلوچستان کے خواب کو یقینی بنانے اور عوامی کی زندگی میں مؤثر بہتری لانے کیلئے پر عزم ہے جس کی مثال تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے اور توانائی کے شعبے کومزید مستحکم بنانے پر بجٹ کا بڑا حصہ خرچ کرنے سے دی جاسکتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ کانوکیشن طلبہ اور والدین کی زندگی میں ایک مسرت موقع ہوتا ہے ۔

انہوںنے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو مبارکباد دی اور وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو کامیاب کا نوکیشن کے انعقاد پران کی کاوشوں کو سراہا ۔ انہوںنے کہا کہ پچھلے پانچ سے ہر سال باقاعدہ کانوکیشن کے انعقاد سے تعلیمی ترقی اور تعلیمی اداروں کا استحکام ثابت ہوتا ہے آخر میں انہوں نے طلباء و طالبات میں گولڈ میڈل اور اسناد تقسیم کئے ۔