اے این پی تمام مسائل کا حل آئین اور قانون کے مطابق چاہتی ہے ،اسفندیار ولی خان

روز اول سے جمہوریت کی بالادستی ، آئینی و قانونی اور عدم تشدد کی بنیاد پر جدوجہدکی ہے ملک میں جمہوریت کے علاوہ کوئی نظام نہیں چل سکتا، جمہوریت ڈی ریل ہوئی تونقصان صرف ملک کو ہو گا،سرابراہ اے این پی

منگل 15 مئی 2018 20:19

اے این پی تمام مسائل کا حل آئین اور قانون کے مطابق چاہتی ہے ،اسفندیار ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی ایم کے مطالبات جائز ہیں اور اے این پی کیلئے یہ مطالبات نئے نہیں بلکہ پارٹی یہ تمام مطالبات اپنے پلیٹ فارم سے کئی دہائیوں سے کرتی آئی ہے البتہ ہم ان تمام مسائل کا حل آئین اور قانون کے مطابق چاہتے ہیں اورانہیں فوری طور پرحل کیا جانا چاہئے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے بذات خود اسلام آباد دھرنے میں شرکت کر کے برملا اعلان کیا تھا کہ ان کے مطالبات جائز ہیں اور وزیر اعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ اس کا فوری طور پر نوٹس لے کر رابطہ کیا جائے اور ان کے مطالبات تسلیم کئے جائیں تاہم آج بھی ضرورت محسوس کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مسئلے کو سنجیدگی کے ساتھ حل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ ہم روز اول سے جمہوریت کی بالادستی ، آئینی و قانونی اور عدم تشدد کی بنیاد پر اپنی جدوجہدپر یقین رکھتے ہیں اورمستقبل میں بھی اسی بنیاد پر اپنی منزل کی جانب بڑھتے رہیں گے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی راہ اختیار نہیں کرنا چاہتی بلکہ آئین اور قانون کے دائرے میں مطالبات کی منظوری اور مسائل کا حل چاہتی ہے ،،اسفندیار ولی خان نے کہا کہ باچا خان بابا سے لے کر آج تک اے این پی نے کسی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کی،ا نہوں نے واضح کیا کہ ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ملک میں امن کی بحالی اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز اپنا اپنا کردار ادا کرکے امن کی فضا کو بحال کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں،انہوں نے کہا کہ جمہوریت واحد نظام ہے جس میں ہم سب کی بقا ہے لہٰذا ملک میں اس نظام کو چلنا چاہئے ، جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو اس کا نقصان صرف ملک کو ہو گا، انہوں نے کہا کہ تشدد دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور عدم تشدد کے ماحول کو پروان چڑھانے کیلئے پر امید ہیں،اے این پی نے ہمیشہ قیام امن کیلئے قربانیاں دیں اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے ،انہوں نے کہا کہ اے این پی جمہوری پارٹی ہے اور اپنے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے امن کی بحالی ،ملکی سلامتی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کے واقعات کا جاری رہنا نیک شگون نہیں لہٰذا حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں امن و سکون کا ماحول پیدا کرنے کیلئے عملی مؤ ثر اور سنجیدہ اقدامات پر بھی خصوصی توجہ دیںاور ان واقعات کو کنڑول کرنے کیلئے کوششیں کریں،اسفندیار ولی خان نے تمام پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ دیگر مسائل پر متوجہ ہونے کی بجائے پارٹی کے تنظیمی امور اور پارٹی کی مزید مضبوطی و فعالیت کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں ۔