نجی شعبہ کا قومی معیشت میں قابل قدر کردار ہے۔ گورنرسندھ محمد زبیر

منگل 15 مئی 2018 19:57

نجی شعبہ کا قومی معیشت میں قابل قدر کردار ہے۔ گورنرسندھ محمد زبیر
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جن نجی کمپنیوں کا قومی معیشت میں قابل قدر کردار ہے ان میں مائی ڈس سیفٹی قابل ذکر ہے کیونکہ یہ حفاظتی گلوز اور دیگر متعلقہ سامان بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے جس کی 13 ممالک میں کاروباری سرگرمیاں اور 14 ہزار ملازمین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی با صلاحیت ، مخلص اور سخت محنتی لیڈر شپ ، انتظامیہ اور کارکنوں کے باعث اس کمپنی نے عالمی سطح پر اپنے آپ کو منوایا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقعMidas Safety کی کمپنی Beltexco لمیٹیڈ میں تقریب سے خطاب میں کیا ۔ تقریب میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حسین قصام نے گورنرسندھ کو مائی ڈس سیفٹی کے بارے میں تفصیلی سے بریفنگ بھی دی ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ کمپنی کے اپنے لوگوں کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے اقدامات قابل تحسین ہیں ،کسی بھی معاشی سرگرمی میں تحقیق اور آٹو میشن انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں با الخصوص آج کے مسابقتی دور میں ان کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے صحت ، ماحولیاتی تحفظ اور دیگر شعبہ جات میں تعاون قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں بزنس سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے گذشتہ پانچ برس کے دوران کاروباری افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے باعث کاروباری حجم بڑھانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چند برس میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے حکومت کی کاوشوں سے پورے ملک میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول بن رہا ہے ،2013 ء کے مقابلہ میں آج کا پاکستان بالکل تبدیل ہو چکا ہے ، امن و امان اور توانائی کے مسائل میں کافی بہتری آگئی ہے ، پانچ برس قبل یہ دو بڑے چیلنج انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کرچکے تھے ، سی پیک میں بھی توانائی کے 34 ارب ڈالرزکے منصوبے تشکیل دیئے گئے ہیں ، پورٹ قاسم پر بھی دو کول فائر پلانٹ تعمیر کئے گئے جبکہ تھر میں بھی 5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے، ہمارا مقصد بزنس کو مزید بہتر بنانا ہے اس ضمن میں انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی پر بھرپور توجہ مرکوز ہے ۔

تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حسین قصام نے گورنرسندھ کو بتایا کہ مائی ڈس سیفٹی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے جو خصوصاً آٹو موٹیو اور گلاس انڈسٹریزکے لئے ہر طرح کے سیفٹی گلوز تیار کررہی ہے ، شیشہ اور گاڑیاں بنانے والی فیکٹریوں میں ہمارے حفاظتی دستانے سب سے زیادہ استعمال ہوتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان ، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں کمپنی کی فیکٹریاں قائم ہیں ، پاکستان میں فیصل آباد اور کراچی میں فیکٹریاں ہیں اس وقت کمپنی کا تجارتی حجم سالانہ 300 ملین ڈالرز ہے، 14ہزار ملازمین میں سے ساڑھے ساتھ ہزار ملازمین پاکستان میں ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سری لنکا میں ہماری کمپنیوں میں روبوٹ کا استعمال شروع کردیا گیا ہے ۔گورنرسندھ نے کمپنی کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں بنائے جانے والے حفاظتی دستانوں کا جائزہ لیا ۔