ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک نے رکشہ فنانسنگ کے لیے کریم کے ساتھ اشتراک قائم کرلیا

منگل 15 مئی 2018 19:14

ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک نے رکشہ فنانسنگ کے لیے کریم کے ساتھ اشتراک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان کے صف ِ اول کے مائیکروفنانس ادارے، ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک نے آسان اقساط پر رکشہ فنانسنگ کے لیے ملک کی سب سے بڑی ٹیکسی سروس کریم کے ساتھ اشتراک قائم کرلیا ہے۔ یہ اشتراک ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک اور کریم کے معاشی اور مالیاتی شمولیت کے فروغ کے ذریعے نئے اور آسان ذرائع آمدن سے لوگوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا تسلسل ہے۔

اس اشتراک کے تحت صارفین بائیس ماہ کی مدت کے لیے آسان اقساط پر نئے رکشے خرید سکیں گے ۔ ڈرائیوروں کو اثاثے کی ملکیت کی فراہمی کے علاوہ یہ اشتراک کریم کے پلیٹ فارم کے ذریعے انھیں متوازن اورمسلسل آمدن کا ذریعہ بھی فراہم کرے گا۔ ایک کفایتی اور باسہولت سفر کا ذریعہ ہونے کے ناتے پاکستان میں رکشہ کی مارکیٹ مسلسل ترقی کررہی ہے تاکہ طلب و رسد کے فرق کو کم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں ٹیلی نار بینک اور کریم جیسے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے حامل اداروں کے پاس مواقع ہیں کہ وہ جدید سہولیات کی تشکیل کے ذریعے اپنے کیپٹنز کو فائدہ پہنچا سکیں۔ ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے صدر و سی ای او شاہد مصطفی نے معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’’اس اشتراک سے پاکستان میں ملازمت کے شاندار مواقع پیدا ہونگے، جن سے لوگوں کو آمدن اور اثاثوں کے حصول کے ذریعے بے روزگاری کے مسئلے سے موثر طور پر نمٹنے میں مدد ملے گی۔

ہمیں رکشہ فنانسنگ کے لیے کریم کے ساتھ اشتراک کی خوشی ہے جس سے لاکھوں پاکستانیوں کو سفر کی آسان اور سستی سہولیات دستیاب ہونگی جنھیں پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر میں مشکلات درپیش ہیں۔‘‘کریم کے منیجنگ ڈائریکٹر جنید اقبال کا کہنا تھا: ’’ پاکستان کو کاروباری افراد کی ضرورت ہے اور کریم لوگوں کو اس ضمن میں مواقع کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ ہمارے کیپٹن مالیاتی استحکام کی جانب بڑھیں اور ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مواقع کی فراہمی جاری رکھنا ہے۔ ہمیں رکشہ لون اسکیم پر فخر ہے جو ایک اور معاشی گروہ کو خدمات فراہم کرے گا اور ہمیں امید ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ کیپٹنز کی مدد کر سکے گا۔‘‘کریم نے ملک میں رکشوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر 2016میں اپنی رکشہ سروس متعارف کرائی ۔

تب سے اب تک اس سروس کی طلب میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور اس نے ہزاروں ڈرائیوروں کو ایک متوازن ذریعہ آمدن فراہم کیا ہے۔ ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک مالیاتی خدمات کے ذریعے ہزاروں بے روزگار لوگوں کو ذاتی تھری وہیلر رکشہ خریدنے کا موقع فراہم کررہا ہے اور لوگوں کے لیے ان کی منزل تک باسہولت اور سستے سفر کی سہولیات بھی پیدا کررہا ہے۔