Live Updates

دعوت اسلامی کے تحت 30دن کے تربیتی اعتکاف کی تیاریاں مکمل

منگل 15 مئی 2018 19:09

دعوت اسلامی کے تحت 30دن کے تربیتی اعتکاف کی تیاریاں مکمل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) دعوت اسلای کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن ونگران باب المدینہ کراچی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ دعوت اسلامی کے زیر اہتمام گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی ماہ رمضان المبارک میںملک بھر کے 80سے زائد شہروں میں پورے ایک ماہ کا تربیتی اعتکاف ہوگا۔ اس تربیتی اعتکاف میں ملک وبیرون ملک سے ہزاروں عاشقان رسول شرکت کریں گے ،اس سلسلے میں لاہور فیصل آباد اور روالپنڈی سے 4خصوصی ٹرینوں کے ذریعے بھی عاشقان رسول عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں رمضان المبارک میں ایک ماہ کے اعتکاف میں شرکت کیلئے آرہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میںمجلس انتظامی امور،اعتکاف مجلس و دیگر مجالس کے نگران و ذمہ داران کے مدنی مشورے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ایک ماہ کے اعتکاف کے تمام ترانتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے اور اس کیلئے انتظامی امور کو وسیع کرتے ہوئے مختلف ذمہ داران کی زیر نگرانی مجالس کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے چونکہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ گزشتہ چند سالوں سے گرمیوں میں آرہا ہے ،اس سال بھی موسم کی شدت کے پیش نظر ،معتکفین کی آسانی کیلئے جامع مسجد فیضان مدینہ کو مکمل ائیر کنڈیشنڈ کردیا گیا ہے ۔

ملک بھر میں خصوصاً کراچی شہر کے موجودہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اعتکاف میں بیٹھنے والے افراد کی مکمل جانچ پرتال کی جارہی ہے جس کے بعد انہیں معتکف ہونے کی اجازت دیجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ فیضان مدینہ میں معتکف افراد کیلئے 24گھنٹے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہوگا جو انہیں کسی بھی قسم کی مفت طبی سہولت فراہم کریگا ۔کسی بھی قسم کی ایمر جنسی و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمبولینس سروس اورفائر برگیڈ کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ فیضان مدینہ میں سیکورٹی کے انتظامات کے حوالے سے متعلقہ اداروں کوبھی آگاہ کردیا گیاہے جو اس سلسلے میں مکمل تعاون کررہے ہیں ۔گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی سیکورٹی اداروں کی طرف سے فل پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔اس کے علاوہ دعوت اسلامی کی انتظامیہ کی طرف سے ملکی حالات کے پیش نظر واک تھرو گیٹ ،اسکینرز اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردئیے گئے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ایک ماہ کا اعتکاف گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی مکمل طور پر طے شدہ جدول کے مطابق چلے گا جس میں نماز ،تلاوت قرآن ،ذکر واذکار ،نفلی عبادت کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر سنتوں بھرے بیانات اور تربیتی حلقوں کا جدول ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی چاند رات سے اعتکاف شروع ہوتے ہی مدنی مذاکروں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا ۔

جس میں امیر اہلسنت بانی دعوت اسلامی علامہ محمد الیاس عطار قادری مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے دینی ، دنیاوی ومعاشی موضوعات پر سوالات کے جوابات دینگے ۔ مدنی مذاکرے کا سلسلہ روزانہ بعد نماز عصر اور بعد تراویح ہوگا ۔یہ مدنی مذاکرہ ملک وبیرون ملک میں ویڈیو لنک کے ذریعے سنا اور دیکھا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ اس ایک ماہ کے اعتکاف کے بعد خوش نصیب عاشقان رسول 12ماہ ، ایک ماہ اور3دن کے مدنی قافلوں میں عید الفطر کی چاند رات کو سفر کریں گے اور نیکی کی دعوت کی دھومیں مچائیںگے ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات