کرنل جوزف کوامریکہ کے حوالے کرناشرمناک اور غلامی کی بدترین مثال ہے‘میاں مقصود احمد

سیاسی عدم استحکام ملکی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے،تمام اداروں کو حدود میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے

منگل 15 مئی 2018 18:45

کرنل جوزف کوامریکہ کے حوالے کرناشرمناک اور غلامی کی بدترین مثال ہے‘میاں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پاکستانی نوجوان کو شہید کرنے والے امریکی کرنل جوزف کو خصوصی طیارے سے ملک سے باہر جانے کی اجازت دیناتشویش ناک اور قابل مذمت ہے ،امریکی جاسوس ریمنڈڈیوس کے بعد حکومت نے ایک مرتبہ پھر امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیک کرملک وقوم کی عزت ،وقار کومجروح کیاہے ،کرنل جوزف کو امریکہ کے حوالے کرناشرمناک اور غلامی کی بدترین مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو انتشار اور افراتفری کی طرف لے جایاجارہاہے۔سیاسی عدم استحکام ملکی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

اگر صورتحال پر جلد قابونہ پایاگیا تو انتخابات التواء شکار ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت سنگین صورتحال سے دوچار ہے۔

اداروں کے درمیان ٹکرائوکی پالیسی خطرناک ثابت ہو گی۔تمام اداروں کو ایک دوسرے کااحترام کرنا چاہئے اوراپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کاسامنے آنے والاانٹرویوملکی سلامتی کے لئے سب سے بڑاخطرہ بن چکا ہے ۔تین باروزیر اعظم رہنے و الے شخص کوقومی سلامتی پر گفتگوکرتے ہوئے ملکی مفادات کوملحوظ خاطررکھنا چاہئے۔

ملکی عزت،وقار،سلامتی اور دفاع کودائوپر لگانے والے کیسے محب وطن ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی بجٹ کی طرح صوبائی بجٹ نے بھی عوام کو شدیدمایوس کیا ہے۔تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیاجانا چاہئے تھا۔موجودہ اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔حکمران ہرمحاذ پر عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی صوبے میں مہنگائی کاطوفان آچکاہے۔اشیاخوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ملک میں پہلے ہی غربت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ اس وقت 40فیصدسے زائد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔انہیں دووقت کی باعزت روٹی میسر نہیں۔ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ نااہل کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کرکے ملک کی باگ ڈورصالح،ایمانداراور محب وطن قیادت کو سونپی جائے۔