ہوا وے ٹیکنالوجیز انٹرپرائز بزنس گروپ کی جانب سے ایجوکیشن سمٹ کا انعقاد

منگل 15 مئی 2018 18:29

ہوا وے ٹیکنالوجیز انٹرپرائز بزنس گروپ کی جانب سے ایجوکیشن سمٹ کا انعقاد
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ہوا وے ٹیکنالوجیز انٹرپرائز بزنس گروپ کی جانب سے ایجوکیشن سمٹ کا انعقاد کیا گیا۔ ایونٹ میں پاکستان کے تعلیمی شعبہ سے 120 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد پاکستان کے تعلیم کے شعبہ کی ڈیجیٹل تبدیلی اور اس ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرنا تھا کہ کس طرح پاکستان کا تعلیم کا شعبہ جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ترقی کر سکتا ہے۔

منگل کو یہاں جاری کردہ بیان کے مطابق کانفرنس میں کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ چینی قونصل جنرل وانگ یو نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے ہوا وے ٹیکنالوجیز نے عالمی سطح پر اور پاکستان میں بہت بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اور چین ہر دکھ اور خوشی میں دوست اور ہمسایہ ممالک ہیں۔

قونصل جنرل نے مزید کہا کہ پاکستان کا تعلیمی شعبہ ترقی کر رہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ مزید آگے بہتری کی جانب بڑھے گا۔ تعلیمی کانفرنس میں پاکستان کے تعلیم کے شعبہ کے لئے ہوا وے کی طرف سے پیش کئے جانے والے مختلف آئی سی ٹی سلوشنز اور بالخصوص مختلف اقدامات کے ذریعے ڈیجیٹل تبدیلی پر توجہ دینا تھی جس کے بارے میں ہوا وے کے مشرق وسطیٰ کے دفتر سے آنے والے سینئر ماہرین نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کے لئے وسائل پیدا کرنے اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے تعلیم کے شعبہ کے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی ضروری ہے جس سے ملک کے مستقبل کے لئے بہتر معمار تیار ہو سکیں گے۔

ایونٹ میں ہوا وے کی جانب سے مختلف سلوشنز کا ڈیمو بھی پیش کیا گیا۔ شرکاء نے جدید سلوشنز اور مصنوعات میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا جو کانفرنس میں پیش کی گئی تھیں اور انہوں نے ہوا وے کے ماہرین سے مختلف مصنوعات اور سلوشنز کے بارے میں تفصیل کے ساتھ معلومات حاصل کیں کہ کس طریقے سے پاکستان کے تعلیمی شعبہ کے لئے وہ ان سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس موقع پر ہوا وے ٹیکنالوجیز کے سینئر نمائندوں نے کہا کہ ہوا وے پہلے ہی مختلف پروگراموں کے ذریعے پاکستان کے تعلیمی تکنیکی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے سرگرم عمل ہے۔ اب ہم ملک کے جنوبی علاقوں میں ان ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لائیں گے اور اس سلسلے میں جنوبی علاقوں کے تعلیمی اداروں کے آئی سی ٹی انفراسٹرکچرل ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔