قوموں کی تقدیر تعلیم کی فراہمی سے ہی بدل سکتی ہے،گورنرسندھ

پسماندہ ، دور دراز علاقوں میں اسکول کے قیام سے بچوں کو تعلیم کی سہولیات حاصل ہورہی ہے،محمد ز بیر بیٹھک اسکول نیٹ ورک پاکستان میں بنیادی تعلیم کے فروغ میں اہم ثابت ہورہا ہے، وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 15 مئی 2018 18:29

قوموں کی تقدیر تعلیم کی فراہمی سے ہی بدل سکتی ہے،گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تعلیم سماجی ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور اسے جدت فراہم کرتی ہے ، قوموں کی تقدیر تعلیم کی فراہمی سے ہی بدل سکتی ہے اس ضمن میں بیٹھک اسکول نیٹ ورک پاکستان میں بنیادی تعلیم کے فروغ میں اہم ثابت ہورہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیٹھک اسکول نیٹ ورک کے وفد سے ملاقا ت میں کیا جس کی سربراہی بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی سربراہ نگہت ملک کررہی تھیں۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی کارکردگی قابل تحسین اور اس کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کے لئے جدوجہد قابل ستائش ہے ، 153 بیٹھک اسکول میں 18000 بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں جو کہ بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی انتظامیہ کی اعلیٰ کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پسماندہ ، دور دراز علاقوں میں بیٹھک اسکول کے قیام سے ان میں رہائش پذیر بچوں کو تعلیم کی سہولیات ان کے د روازے پر فراہم ہوئی ہیں اور وہ کسی دشوار ی کے بغیر زیو ر تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے بیٹھک اسکول میں کردارسازی پر خصوصی توجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے طالب علموں کو بہترین شہر ی بننے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی تعلیم بہت ضروری اور اعلیٰ تعلیم کے فروٖغ کی بنیاد ہے ، صوبہ میں بچوں کی بڑی تعداد اسکول کی تعلیم سے بھی محروم ہے جو کہ نہایت افسوسناک امر ہے اس ضمن میں این جی اوز کے تعلیم اور صحت میں کام قابل فخر ہیں ،حکومت ان کی ہر ممکن مدد ، تعاون اور معاونت جاری رہے گی ، اچھے مقصد کا اعتراف اور سوسائٹی کے ہر فرد کی جانب سے اس جانب توجہ دینا معاشرہ میں کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

انہوں نے بیٹھک اسکول نیٹ ورک کے فروغ کے ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ بیٹھک اسکول نیٹ ورک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام متعلقہ اداروں سے بات کریں گے ۔ بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی سربراہ محترمہ نگہت ملک نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر گورنرسندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نیٹ ورک کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :