میرواعظ کا اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کی شہادت پر اظہار افسوس

فلسطینیوں کے دکھ اور درد کو کشمیری عوام سے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکتا

منگل 15 مئی 2018 18:08

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں70 سے زائد نہتے فلسطینیوں کی شہادت اور ہزاروں کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمرفاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غزہ میں قابض اسرائیلی فوجیوں کے ظلم و بربریت کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے عوام غم کی اس گھڑی میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوںنے مظلوم فلسطینی عوام پر ڈھائے جانیوالے بدترین ظلم و تشدد پر عالمی برادری کی خاموشی کو حد درجہ افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے دیرینہ تنازعہ کے حل کے بارے میں اقوام عالم کی خاموشی سے اسرائیل کو فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم کا جواز فراہم کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے زیادہ فلسطینی عوام کا دکھ اور درد کوئی دوسرا بہتر طور پر نہیں سمجھ سکتا ، کیونکہ کشمیری عوام کو خود بھارتی ریاستی دہشت گردی ،ظلم و تشدد اور قتل عام کا سامنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعازت گزشتہ کئی دہائیوں سے حل طلب ہونے کی وجہ سے دونوں خطوں کے عوام کیلئے دکھ اور کرب کا باعث بنے ہوئے ہیں اور دونوںخطوں میں گزشتہ کئی دہائیوں سے قابض افواج کو نہتے عوام کے قتل و غارت کی چھوٹ حاصل ہے اور وہ من مانے طریقوں سے انہیںاپنے ظلم اور بربریت کا نشانہ بنا رہی ہیں۔میر واعظ نے عالمی برادری اور مسلم امہ سے مخلصانہ اپیل کی کہ وہ فلسطینی اور کشمیری عوام پر ڈھائے جا نے والے مظالم ختم کرانے کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اسرائیل اور بھارت نے جو جارحیت کا راستہ اپنا رکھا ہے انہیں اس سے باز رکھنے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔

ادھر جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں امریکہ سفارتخانہ کو مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے اور اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کی شہادت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔