ماہ رمضان میں انتظامیہ مارکیٹوں میں اشیاء کی بروقت ترسیل کیلئے اقدامات اٹھائے ،ْ شیخ عامر وحید

منگل 15 مئی 2018 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ ماہ رمضان شروع ہونے والا ہے لہذا انہوں نے مقامی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس مقدس مہینے میں اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں روزمرہ ضرورت کی اشیاء کی بروقت فراہمی و ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے تاکہ روزہ داروں کو ضرورت کی چیزوں کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ عموما ماہ رمضان کے دوران مارکیٹوں میں مال بروقت نہ پہنچے کی وجہ سے اشیاء کی قلت پیدا ہو جاتی ہے جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو جاتا ہے اور روزہ داروں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ مقامی انتظامیہ اس سلسلے میں پہلے سے بھی جامع منصوبہ بندی کرے اور مارکیٹوں میں روزانہ ضرورت کی تمام اشیاء کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضرورت اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

شیخ عامر وحید نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں ماہ رمضان میں روزمرہ کی خریداری کی چیزوں پر ڈسکائونٹ دیا جاتا ہے تا کہ خاص طور پر کم قوت خرید رکھنے والے روزہ داروں کو افطاری سے متعلقہ اشیاء سستے داموں فراہم ہو سکیں۔ لہذا انہوں نے مقامی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ماہ رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے اور اشیاء کی مناسب داموں پر صارفین کو فراہمی کیلئے انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں اور روزہ داروں کو روزمرہ خریداری کی چیزوں پر ڈسکائونٹ فراہم کرنے پر بھی غور کریں تا کہ غریب روزہ دار وں پر غیر ضروری مالی بوجھ نہ پڑے اور وہ بھی اس مقدس مہینے میں افطاری کی چیزیں خریدنے میں سہولت محسوس کریں۔

انہوںنے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام اس بات پر زور دیتا ہے کہ معاشرے کے غریب طبقات کا خاص خیال رکھا جائے لہذا انہوںنے تمام اہل سروت لوگوں پر زور دیا کہ وہ خاص طور پر ماہ رمضان میں غریبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران سی ڈی اے اور انتظامیہ کی طرف سے اسلام آباد میں مزید سستے بازار قائم کئے جاتے ہیں تا کہ عوام کو سستے داموں اشیاء فراہم ہوں۔

تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان سستے بازاروں میں انتظامیہ معیاری اشیاء کی فراہم کو یقینی بنائے کیونکہ عام طور پر سستے بازاروں میں ملنے والی چیزوں کا معیار بہتر نہیں ہوتا۔انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس مقدس مہینے میں پورے ملک میں مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے تا کہ روزہ داروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔