Live Updates

چیئرمین بلدیہ شرقی کا ماہ رمضان کے انتظامات کے حوالے سے مساجد کے دورے

رمضان المبارک میں شہریوں کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات میسر ہونگی، حکمت عملی کے تحت امور سر انجام دے رہے ہیں،معید انور

منگل 15 مئی 2018 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) چیئرمین معید انور نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں روزہ داروں اور نمازی حضرات کی خدمت میں بڑھ چڑھے کر حصہ لینا چاہتے ہیں ، بلدیاتی دائرہ کار میں جو امور آتے ہیں انہیں اپنا دینی فریضہ سمجھ کر انجام دے رہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک میں بلدیاتی انتطامات کے حوالے سے بیت المکرم مسجد گلشن اقبال و دیگر مساجد کے منتظمین سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر مساجدکے منتظمین اور چیئرمین معید انور نے بلدیاتی مسائل کے حوالے سے بات چیت کی، چیئرمین معید انور نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ایسے میں ہم اپنے مسلمان بھائیوں کی جو خدمات کر سکتے ہیں وہ کریں گے لہذا ہم اس سلسلے میں مسجد مسجد جاکر وہاں کے مسائل دریافت کر رہے ہیں جس کے فوری حل کیلئے اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، مساجد کے منتظمین نے اس موقع پر چیئرمین معید انور کے اقدام کی پذیرائی کی اور اس نیک کام میں کامیابی کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا مزید براں بیت المکرم مسجد کے ساتھ مزید اسٹریٹ لائیٹس نصب کرنے کے حوالے سے درخواست کی گئی جبکہ مسجد سے متصل درختوں کی ٹریمنگ کے حوالے سے بھی درخواست کی گئی ، چیئرمین معید انور نے فوری طور پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ مسجد کے اطراف پیش کردہ مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر دور کیا جائے انہوں نے افسران کو ہدایت جا ری کرتے ہوئے مزید کہا کہ دورے کے دوران مساجد کے اطراف صفائی، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں سمیت جو بھی مسائل سامنے آئے ہیں انہیں درست کر کے رپورٹ پیش کی جائے رمضان المبارک میں بلدیاتی مسائل پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور جہاں بھی بلدیاتی مسائل کی موجودگی کی اطلاع ہو اسے دور کرنے میں کسی قسم کی سستی کا مظاہرہ نہ کیا جائی.
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات