پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں،7کلو گرام حشیش اور 10,600لیٹر غیر قانونی ڈیزل برآمد

منگل 15 مئی 2018 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقے وندرمیں کارروائی کے دوران ایک اسمگلرکوگرفتارکرکے 7کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی حشیش برآمد کرلی ہے۔ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے وندرکے قریب واقع ناکہ کھاری چیک پوسٹ پرمسافر کوچ کی چیکنگ کے دوران ایک مشکوک شخص کوگرفتار کرکے اس سی7کلو گرام اعلی کوالٹی کی حشیش برآ مدکر لی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میںمالیت تقریباً 79ہزار ڈالرز (91 لاکھ روپے ) کے لگ بھگ ہے۔ اسمگلر سے مزید تفتیش جاری ہے۔اسی دوران بلوچستان کے علاقے اوتھل کے قریب لاکھارہ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 10,600 لیٹر غیر قانونی ڈیزل برآمد کر لیاگیا، ڈیزل غیر قانونی طریقے سے گوادر سے کراچی اسمگل کیاجار ہا تھا۔ ضبط شدہ غیر قانونی ڈیزل کی مالیت 6 لاکھ 89ہزارروپے کے لگ بھگ ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔ پاکستان کوسٹ گارڈز ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔