این آئی سی وی ڈی خیرپور نے سروسزکاآغازکردیا

این آئی سی وی ڈی کی سروسز کی شروعات قابل ستائش عمل ہے اس اسپتال کا باضابطہ افتتاح بلاول بھٹو زرداری آئندہ انتخابات کے بعد کریں گے، نفیسہ شاہ

منگل 15 مئی 2018 15:10

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) سندھ حکومت کے مالی تعاون سے صوبے کے آٹھویں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکیولر ڈیزائزز( این آئی سی وی ڈی)اسٹیلائٹ سینٹرخیرپور کی سروسز کی شروعات کے سلسلے میں تقریب خیرپور میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال میں منعقد کی گئی تقریب میں مہمان خاص رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ جبکہ اعزازی مہمان کمشنر سکھرڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ، ڈپٹی کمشنر خیرپور جاوید علی جاگیرانی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اور این آئی سی وی ڈی ٹیم کی جانب سے خیرپور میں اسٹیلائٹ سینٹر کی سروسز کی شروعات قابل ستائش عمل ہے اس اسپتال کا باضابطہ افتتاح ملک کی نوجوان قیادت پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئندہ انتخابات کے بعد کریں گے صوبے سمیت ملک بھر کے عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا منشور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی بینظیر بھٹو کا تھا جو آج پورا ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور این آئی سی وی ڈی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر کی جانب سے خیرپور میں سینٹر کھولنے کے اقدامات پر ان خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خیرپور کی عوام کو مبارکباد دی کہ ضلع بھر کے غریب اور مستحق دل کے مریضوں کو بلا معاوضہ سہولیات فراہم ہونگی۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر جاوید علی جاگیرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سیٹلائٹ سینٹرسندھ حکومت کی جانب سے خیرپور کے عوام کے لیے عظیم تحفہ ہے سروسز کی زشروعات سے خیرپور کے دل کے مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات میسر ہونگی انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ڈاکٹرنفیسہ شاہ سمیت ڈاکٹر ندیم قمر کی جانب سے اقدامات کو سراہا۔

این آئی سی وی ڈی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آٹھواں سیٹلائٹ سینٹر ہے جس کی سروسز کی شروعات آج خیرپور میں کی جارہی ہیں انہوں نے بتایا کہ اب تک این آئی سی وی ڈی سیٹلائٹ سینٹرو ں میں 5853 افراد کی انجیو پلاسٹی کی جاچکی ہے اور صوبے کے لاڑکانہ، سہون،ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیر آباد، مٹھی میں ایسے سینٹر ز کو فعال کیا گیا ہے جہاں غریب اور مستحق افراد کو دل کی بیماریوں کے سلسلے میں 100 فیصد بلا معاوضہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جس میں تمام تر مالی مدد سندھ حکومت فراہم کررہی ہے ۔

اس سے قبل رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ ، کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ، ڈپٹی کمشنر جاوید علی جاگیرانی ، ڈاکٹر ندیم قمر، ایم ایس ڈاکٹر محمد حسین ابڑو، ڈاکٹر غلام جعفر سومرو، ڈاکٹر مراد علی خمیسانی، ڈاکٹر ظفر جتوئی، میونسپل چیئرمین سید امجد علی شاہ ، پرنسپل کے ایم سی ڈاکٹر اسد مہر اور دیگر نے سیٹلائٹ سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود ڈاکٹروں سے دل کی بیماریوں کے سلسلے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر آفتاب لاشاری، ڈاکٹر زبیدہ تسلیم خمیسانی، این آئی سی وی ڈی کی میڈیا کنسلٹنٹ ڈاکٹر ثوبیہ ، اے سی صفدر علی میرانی،سید علی مدد شاہ ، غلام حسین مغل، رمیز سومرو، زاہد گھمبیر ، ڈی ایم لاشاری اور دیگر بڑی تعداد میں موجود تھے ۔