نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ ،یورپی یونین،عرب لیگ کی مذمت

عرب لیگ نے امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی کی خوشی منانے والے ممالک کو شرمناک قرار دے دیا

منگل 15 مئی 2018 15:00

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) یورپی یونین نے اسرائیل کی طرف سے نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو پرامن احتجاج کے حق کا احترام کرنا ہوگا۔ جرمن وزارت خارجہ نے بھی اسی طرح کا بیان جاری کیا ہے۔عرب لیگ نے امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی کی خوشی منانے والے ممالک کو شرمناک قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

جرمن ریڈیو کے مطابق عرب لیگ نے گزشتہ روز جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہاکہ یہ بین الاقوامی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔ دریں اثناء فرانس اور اردن نے بھی اس امریکی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دوسری جانب چیک جمہوریہ، ہنگری اور رومانیہ نے یورپی یونین کے اس مذمتی بیان کو بلاک کر دیا ہے، جس میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔