مستونگ کیڈٹ کالج میں اساتذہ کے طالبعلموں پر بدترین تشدد کی ویڈیو وائرل

صوبائی حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے 3 دن میں رپورٹ طلب کرلی

منگل 15 مئی 2018 15:00

مستونگ کیڈٹ کالج میں اساتذہ کے طالبعلموں پر بدترین تشدد کی ویڈیو وائرل
مستونگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) بلوچستان کے ضلع مستونگ کے کیڈٹ کالج میں اساتذہ کی جانب سے طالبعلموں پر مبینہ تشدد اور مرغا بنا کر لاٹھی سے پٹائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے 3 دن میں رپورٹ طلب کرلی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق مستونگ کیڈٹ کالج میں اساتذہ کے طلبہ پر مبینہ تشدد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں اساتذہ کو طالب علموں کو مرغا بنا کر بری طرح تشدد کرتے دیکھا گیاحکومت بلوچستان کے محکمہ کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ،ْجو 3 دن میں تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین ایڈیشنل سیکریٹری کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن حیات کاکڑ ہوں گے جبکہ ڈپٹی کمشنر مستونگ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) مستونگ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔نوٹیفیکشن کے مطابق رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔دوسری جانب کالج کے پرنسپل، ذمہ دار اساتذہ اور متاثرہ طلبا کو انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔