پولیس نے خانپور کے علاقہ قطبہ میں بیوی اور تین بچیوں کو قتل کرنے والا ملزم دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا

منگل 15 مئی 2018 15:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) پولیس نے خانپور کے علاقہ قطبہ میں بیوی اور تین بچیوں کو قتل کرنے والا ملزم دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 6 مئی 2018ء کو نواحی گائوں قطبہ پنڈ منیم میں قتل کا ایک دردناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک عورت اور اس کی 3 بچیوں کو زہر دیکر قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد پورے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

تھانہ خانپور پولیس نے واقعہ کے فوراً بعد زیر دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ ڈی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا۔ ڈی ایس پی کوٹ اعجاز خان، ایس ایچ او تھانہ خانپور سعید یدون اور ان کی ٹیم نے دن رات محنت اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے مقدمہ میں ملوث ملزمان شفاقت عرف کینو ولد چنن داد سکنہ قطبہ جو ان مقتولین کا والد اور شوہر تھا، کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم نے بیوی کے نام جائیداد کو حاصل کرنے کیلئے اپنے دیگر دو ساتھیوں یاسر الرحمن ولد فضل الرحمن جو ہسپتال میں کلرک ہے اور صدام اختر ولد اختر رحمن سکنہ قطبہ جو ملزم کا قریبی رشتہ دار ہے، کے ساتھ ملکر ایک روز قبل اپنی بیوی اور بچیوں کو قتل کرنے کی پلاننگ کی۔ مقدمہ میں ملوث تمام ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔ ڈی پی او ہری پور کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں ملوث تمام ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا اور مقدمہ میں تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔