رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، کمشنر کراچی

منگل 15 مئی 2018 14:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور گرانفروشی پر قابو پا کر عوام کو بھرپور ریلیف دینے کے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے کراچی کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو دیں۔

کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک میں صارفین کو ریلیف دینے کے بجائے ناجائز منافع خوری شروع کردی جاتی ہے جو کہ نہایت افسوسناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دکاندار اور ٹھیلے کمشنر آفس سے جاری نرخنامہ پر مکمل عمل درآمد کریں اور پرائس لسٹ کو نمایاں جگہ آویزاں کریں تاکہ خریدار باآسانی اس لسٹ کو پڑھ سکے۔ کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دکاندار سے سرکاری نرخنامہ پر اشیاء خریدنے پر اسرار کریں اور دکاندار نہ مانے تو اس کی اطلاع تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور کمشنر کراچی کنٹرول روم پر دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کرکے عوام کا خون چوسنے والے گرانفروشوں سے کسی بھی قسم کی رعائت نہ کی جائے اور حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اور بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ گرانفروشوں کو جیل بھجوا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کریک ڈائون کے دوران ٹھیلے والوں کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے بلکہ بڑے دکاندار گرانفروشوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

متعلقہ عنوان :