ملک میں آزادانہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے‘ جسٹس (ر) ارشاد قیصر

منگل 15 مئی 2018 14:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) خیبرپختونخوا سے ممبر الیکشن کمیشن جسٹس(ر)ارشاد قیصر نے کہا ہے کہآئندہ عام انتخابات کا انعقاد ہمارے ملک کے سیاسی مستقبل اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایک مقامی ہوٹل میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری اور ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا‘انہوں نے کہاکہ ملک میں آزادانہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے‘ اور اس میں ڈی آراوز کا کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے‘ انہوں نے کہاکہ الیکشن ایکٹ 2017ء انتخابی اصلاحات کی جانب اہم قدم ہے‘ جس نے الیکشن کمیشن کو مزید بااختیار بنایاہے‘ جسٹس(ر) ارشاد قیصر نے مزیدبتایاکہ الیکشن کی حساسیت اور منصفانہ انعقاد کو مدنظر رکھ کر عدلیہ سے ڈی آراوزاور آراوزکی تعیناتی الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت عمل میں لائی گئی ہے‘ جوکہ نہ صرف عدلیہ پر عوام کے اعتماد کامظہر ہے بلکہ ملک میں شفاف انتخابات کے لیے راہ ہموار کری گی‘ انہوں نے کہاکہ اس ایکٹ کے تحت انتخابی اہلکار اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے حلف اٹھائیں گے‘ جس سے نہ صرف ان کو اپنی ذمہ داریوں کی سنجیدگی کا احساس دلاتارہے گا کہ بلکہ انتخابی عمل میں عوام کے اعتماد میں اضافہ کرے گا‘ انہوں نے ڈی آر اوز کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ لسٹ آف پولنگ اسٹیشن کی تیاری‘ پولنگ عملہ کی تعیناتی اور اس کی منظوری دینا آپ کی نگرانی میں ہوگی جبکہ انتخابی عمل کے دوران امن وامان کی صورتحال کی مجموعی نگرانی بھی ڈی آراوز کی ذمہ داری ہے‘ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ڈی آراوز آئندہ انتخابات میں اپنے کردارسے الیکشن کمیشن کیلئی مدد ثابت ہونگے تاکہ الیکشن کمیشن ملک میں شفاف انتخابات کے انعقادکو یقینی بناسکے‘دریں اثناء صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا پیر مقبول احمدنے ڈی آراوز سے حلف لیا‘ بعدازاں اپنے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ ملک میں آزادانہ‘ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہی ملکی ہم آہنگی اور استحکام کیلئے ضروری ہیں‘ جن کے ریعے ہم ایک مضبوط قوم بن سکتے ہیں‘ ا س لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں جس کی وجہ سے آئندہ عام انتخابات بہتر انداز میں منعقد کرانے کی کوشش کی جائے گی کیونکہ پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پر لگی ہیں جوکسی چیلنج سے کم نہیں تاہم ہم سب ملک کر انتخابات کو عوامی تواقعات کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ سیشن ججز جبکہ فاٹا کے ہر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ کو بطور ڈی آر او تقرری کا اعلامیہ جاری کیاہے‘ جس کو ایک روزہ تربیت بھی دی جائیگی‘ اس کے بعد تمام آراوز کو بھی مرحلہ وار تربیت دی جائیگی ‘تقریب حلف برداری میں ایڈیشنل سیکرٹری (ٹریننگ) ظفر اقبال حسین ‘ڈائریکٹر الیکشن شہزاداحمد‘ڈائریکٹر جنیڈر افیئرز محمدہارون شینواری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔