Live Updates

نوازشریف کے بیان پر پنجاب اسمبلی میں دوسرے روزبھی ہنگامہ آرائی

کے پی کے اسمبلی میں غداری کے مقدمے کے لیے قرارداد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 مئی 2018 13:35

نوازشریف کے بیان پر پنجاب اسمبلی میں دوسرے روزبھی ہنگامہ آرائی
لاہور/پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 مئی۔2018ء) مبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان پر پنجاب اسمبلی میں دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی ہوئی جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی کو روکنا پڑ گیا۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے اسپیکر سے نواز شریف کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرنے کی اجازت مانگی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسلامی کونسل کے اجلاس میں سابق وزیراعظم کے بیان کو گمراہ کن قرار دیا گیا، نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا بیان مسترد کر دیا، شاہد خاقان عباسی کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ سابق وزیراعظم کرپشن کیسز سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے شوشے چھوڑ رہے ہیں، وہ جمہوریت کی بساط کو لپیٹنا چاہتے ہیں اور سرحدوں پر تابڑ توڑ حملے کر رہے ہیں اور ملک کے خلاف گھناﺅنی سازش میں ملوث ہیں، نواز شریف کے خلاف مذمتی قرارداد کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

جب تک نواز شریف اپنے بیان پر قوم سے معافی نہیں مانگتے ایوان نہیں چلنے دیں گے۔ اسی دوران حکومت اور اپوزیشن ارکان آمنے سامنے آگئے، اپوزیشن ارکان اسپیکر کے ڈائس کے سامنے کھڑے ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ جس کے جواب میں حکومتی اراکین نے بھی نعرے بازی شروع کردی۔ اسپیکر نے صورت حال پر قابو پانے کے لیے اجلاس کی کارروائی 20 منٹ کے لیے روک دی۔

دوسری جانب نواز شریف کے بیانات کی نشرواشاعت پر پابندی اور آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کی جانب سے قرارداد اسپیکر اسمبلی اسد قیصر کے پاس جمع کرائی گئی۔ قراداد کے متن کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ملکی مفاد کے خلاف انگریزی اخبار کودئیے گئے انٹرویو کی مذمت کی گئی ہے، نواز شریف کا بیان ریاست سے غداری ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے وفاقی حکومت سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیانات کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر نشرواشاعت پر پابندی لگائے اور صوبائی اسمبلی نواز شریف کے خلاف تحقیقات کر کے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی سفارش کرے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے بھی نواز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے اور ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات