سانحہ 12 مئی؛ میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد

سانحہ 12 مئی کی ازسر نو تحقیقات ہونی چاہیے، لوگوں کے سامنے اصل حقائق اور چہرے آنے چاہئیں،وسیم اختر

منگل 15 مئی 2018 13:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی کیس میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کردی ہے۔منگل کوکراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 12 مئی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کردی، ملزمان کی جانب سے صحتِ جرم سے انکار کیا گیا جس پر عدالت نے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 23 جون تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

سانحہ 12 مئی کیس میں میئر کراچی سمیت 19 ملزمان ضمانت پر رہا ہیں جب کہ ملزم عمیر صدیقی گرفتار ہے، عدالت مقدمے میں 16 ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی وسیم اخترنے کہاکہ سانحہ 12 مئی کی ازسر نو تحقیقات ہونی چاہیے، لوگوں کے سامنے اصل حقائق اور چہرے آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقدمات سے بھاگنے والے نہیں انکا سامنا کریں گے، میئر نامزد ہونے کے بعد مجھ پر 40 مقدمات ڈالے گئے، جعلی مقدمات کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :