رائٹر و ہدایتکار مرزارشید اختر کی بیوہ کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور

شوہر نے 40سال تک فن کی خدمت کی مگر انکی اچانک وفات کے بعد بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے بیٹی کی شادی کیلئے کسی نے کوئی مدد نہیں کی ،وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل ہے میری مالی امداد کی جائے ‘اداکارہ عابدہ بیگ کی گفتگو

منگل 15 مئی 2018 12:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) پاکستان کے نامور رائٹر و ہدایتکار مرزارشید اختر (مرحوم )کی بیوہ شوہر کی وفات کے بعد کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ عابد ہ بیگ نے کہاکہ میرے شوہر نے 40سال تک فن کی خدمت کی ہے مگر انکی اچانک وفات کے بعد میرے لئے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے، مجھے تھیٹر سے جو رقم ملتی ہے اس سے زندگی بسر کرنا ناممکن ہے ،پنجاب حکومت نے میری یا میرے خاندان والوں کی کوئی مدد نہیں کی جبکہ آرٹسٹ سپورٹ فنڈز سے مجھے ایک سال سے رقم ادا نہیں کی جارہی جو فن اورفنکا ر سے زیادتی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کی شادی کیلئے پنجاب آرٹس کونسل ،لاہور آرٹس کونسل اور سیکرٹر ی انفارمیشن کو بھی درخواست دی مگر کسی نے میری کوئی مدد نہیں کی جو سخت ظلم اور زیادتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے درمندانہ اپیل ہے کہ میری مالی امداد کی جائے کیونکہ ان حالات میں زندگی گزارنی میرے لئے مشکل ہوگئی ہے ۔