میر واعظ فورم کی ایگزیکٹو و جنرل کونسل کے اجلاس میں ہفتہ شہادت کے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی

پورے کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کرکے نہتے عوام کیخلاف ظلم و بر بریت کی انتہا کی جارہی ہے‘حریت فورم

منگل 15 مئی 2018 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںمیر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کی یگزکیٹو و جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کا ایک غیر معمولی اجلاس میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میںسرینگر میں منعقد ہوا۔کشمیرمیڈیاسروس کے اجلاس میںجموںو کشمیر کی موجودہ سیاسی و تحریکی صورتحال کے مختلف پہلوئوں کے علاوہ میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبد الغنی لون اور شہدائے حول کی برسیوں کی مناسبت سے 16 مئی سے شروع ہورہے ہفتہ شہادت کی تقریبات کو حتمی شکل دی گئی اور ان تقریبات کو شایان شان طریقے سے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبد الغنی لون اور شہدائے حول کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی تحریک آزادی اورکشمیری عوام کو اپنے جائز حقوق دلانے کی جد وجہد میں عوام کے ساتھ ساتھ حریت قیادت نے بھی بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور کر رہے ہیں جو کہ رواں تحریک کا ایک درخشان باب ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میںبھارتی حکومت اور اس کی مقامی کٹھ پتلیوں کی جانب سے کشمیری عوام کیخلاف جاری جارحانہ کارروائیوں، وادی کشمیر خاص طورپر جنوبی کشمیر میں نہتے اور پر امن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال اور ظلم و تشدد کو بدترین سرکاری دہشت گردی قراردیا گیا ۔ پورے کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کرکے نہتے عوام کیخلاف ظلم و بر بریت کی انتہا کی جارہی ہے۔

اجلاس میں عالمی برادری اورانسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کا جائزہ لیں اورکشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔اس موقع پر اسلامک یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی کے طالب کو والد سمیت گرفتار کرنے کی بھی شدید مذمت کے علاوہ بھارتی فورسز کی طرف سے یونیورسٹی کی بس کو روک کر اٴْس میں سوار طالب علموں کو ہراساں کرنا انہیں دیوار کے ساتھ لگانے کے مترادف ہے۔

اجلاس میں فورم سے وابستہ اکائیوں کے سربراہوں اور نمائندوں نے شرکت کی۔ ادھر ماہ رمضان المبارک کی آمدکے سلسلے میں جامع مسجد سرینگر میں نمازیوں اور زائرین کی سہولیات کیلئے انجمن اوقاف جامع مسجد کے عہدیداروںو اراکین اورجامع مارکیٹ کے عہدیداروں پر مشتمل ایک اہم اجلاس صدر دفتر جامع مسجد میں میرواعظ عمر فاروق منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماہ صیام کے دوران نمازیوں اور زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔