پرویز رشید کو سزا نہیں دینی چاہئیے تھی ، مریم نواز بھی بول پڑیں

نواز شریف کے بعد مریم نواز نے بھی ڈان لیکس پر بیان دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 مئی 2018 12:34

پرویز رشید کو سزا نہیں دینی چاہئیے تھی ، مریم نواز بھی بول پڑیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 مئی 2018ء) : سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بعد اب ان کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی ڈان لیکس پر بیان دے دیا ہے۔ احتساب عدالت کے باہر ایک صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ اگر ڈان لیکس سچ تھی تو پھر پرویز رشید کو سزا کیوں دی گئی؟ جس پر مریم نواز نے کہا کہ پرویز رشید کو سزا نہیں دی جانی چاہئیے تھی۔ مریم نواز نے اپنے بیان میں ن لیگی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کی سزا کو بلا جواز قرار دے دیا۔

اس سے قبل نواز شریف نے بھی اپنے بیان میں ڈان لیکس پر سرل المیڈا کی خبر کی تصدیق کی ۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے صحافی سرل المیڈا کی سابقہ خبر کی بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا اُس وقت قومی سلامتی کمیٹی میں بھی یہی باتیں ہوئیں کہ اپنے گھرکو ٹھیک کریں جنہیں ڈان لیکس کا نام دیا گیا۔

(جاری ہے)

حالانکہ جو کہا گیا وہ حقیقت تھی۔

یا درہے کہ اکتوبر 2016ء میں ڈان اخبار میں سکیورٹی میٹنگ سے متعلق شائع ہونے والی خبر کی ابتدائی تحقیقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز رشید کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی اور پرویز رشید سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ سابق وزیرا عظم نواز شریف نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ممبئی حملوں میں پاکستانی کردار سے متعلق متنازعہ بیان دیا تھا جس پر ملک کی سیاسی جماعتوں سمیت عوام نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔

ایک طرف نواز شریف کے اس بیان کو بھارت نے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کے استعمال کیا تو دوسری جانب نواز شریف کے بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا جس نے نوازشریف کے اس بیان کو غلط اور گمراہ کُن قرار دیا۔ نواز شریف نے کل صبح احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اور کل شام بونیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے بیان کا دفاع کیا اور اس معاملے پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن اس معاملے کی تحقیقات کرے اور مجھ سمیت جو بھی غدار ثابت ہو اسے پھانسی پر لٹکا دیا جائے۔