وانی کپور فلم ’’شمشیرہ‘ ‘میں رنبیر کیساتھ جلوہ گرہوں گی

یہ کردار وانی کے فلمی کیریئر میں سنگ میل بھی ثابت ہوگا، کرن ملہوترا فلم کی شوٹنگ 2018 کے اختتام پر شروع کی جائے گی جو 2019 کے وسط تک جاری رہے گی

منگل 15 مئی 2018 12:00

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) بالی ووڈ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی فلم ’شمشیرہ‘ میں خوبرو اداکارہ وانی کپور مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔بالی ووڈ خوبرو اداکارہ وانی کپور اپنی منفرد اور متاثر کن اداکاری سے اب تک یش راج کی فلم ’شدھ دیسی رومانس‘ ، بے فکرے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں اور آج کل ٹائیگر شروف اور ہریتھیک روشن کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کا نام ابھی تک فائنل نہیں کیا گیا جب کہ وہ اب یش راج کے بینر تلے بننے والی فلم ’شمشیرہ میں ’رنبیر کپور کے مد مقابل جلوہ گر ہوں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی نئی ابھرتی ہوئی اداکارہ وانی کپور کو بالی ووڈ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی فلم ’شمشیرہ ‘ میں مرکزی کردار کے لئے کاسٹ کرلیا گیا ہے اور اس بات کی تصدیق اداکارہ نے خود سوشل میڈیا پر بھی کی۔

(جاری ہے)

یش راج فلم کی جانب سے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ کی فلم میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایکشن ایڈوینچر فلم ’شمشیرہ‘ میں وانی کپور اپنے پورے عروج کے ساتھ جلووہ گر ہوں گی۔

فلم’ شمشیرہ‘ کے ہدایت کار کرن ملہوترا کا کہنا تھا کہ وانی کپور فلم ’شمشیرہ‘ میں رنبیر کی ہیروئن کا کردار ادا کریں گی کیوں کہ ہم اس فلم کے لئے ایسی ہی اداکارہ کا انتخاب چاہتے تھے جو لوگوں کو داد دینے پر مجبور کردے جب کہ اس کردار کے لئے وانی ہی ایک بہترین اداکارہ ہیں اور یہ کردار وانی کے فلمی کیریئر میں سنگ میل بھی ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ فلم کی شوٹنگ 2018 کے اختتام پر شروع کی جائے گی جوکہ 2019 کے وسط تک جاری رہے گی۔