بھارتی دارالحکومت دہلی سمیت متعدد ریاستوں میں گردوغبار کا طوفان

86افراد ہلاک اور100سے زائد زخمی ہوگئے‘ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے-حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 مئی 2018 11:36

بھارتی دارالحکومت دہلی سمیت متعدد ریاستوں میں گردوغبار کا طوفان
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 مئی۔2018ء) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت متعدد ریاستوں میں تیزآندھی اور مٹی کے طوفان سے 86 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی، اترپردیش، آندھراپردیش اور مغربی بنگال میں تیزآندھی اور مٹی کے طوفان سے کم از کم 86 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

وفاقی اور صوبائی ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹیز کے حکام کے مطابق شمالی ریاست اتردپیش میں 48 افراد، آندھرا پردیش میں 20 مغربی بنگال میں 16اور دارالحکومت نئی دہلی میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے طوفان کی وجہ سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہماری ہمدردیاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں، حکام کو متاثرہ لوگوں کو ممکنہ امداد فراہم کرنے کے لیے کہا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت دہلی سمیت چار ریاستوں میں طوفان گردوباد تباہی مچائی۔حکام نے آنے والے دنوں میں مزید خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے اور ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔دہلی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں 109 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں جن کے سبب سینکڑوں درخت اکھڑ گئے جس سے ٹریفک درہم برہم ہو گئی، جبکہ دہلی میں میٹرو اور ایئر سروس بھی متاثر ہوئی۔

دہلی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے کم از کم 70 پروازیں دوسری جگہوں کے لیے موڑ دی گئیں۔ چاروں ریاستوں میں ہائی الرٹ ہے اور مزید آسمانی بجلی والے طوفان کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔اترپردیش کے ریلیف کمشنر نے بتایا کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ آندھرا پردیش کے ریلیف کمشنر کے دفتر کا کہنا ہے کہ ریاست کے مختلف حصوں میں تیز ہواﺅں اور آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے اب تک 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور اس تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

دہلی کی ریلیف کمشنر منیشا سکسینہ نے بتایا کہ تیز ہواﺅں کی وجہ سے درخت گرنے سے پانڈو نگر علاقے میں ایک خاتون کی موت ہوئی ہے جبکہ سرکاری نشریاتی ادارے نے خبر دی ہے کہ اینٹوں کی زد میں آنے سے ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ 3 مئی کو آنے والے طوفان میں 125 افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے تھے، طوفان کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں اترپردیش میں ہوئی تھیں۔