نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کر دیا

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 15 مئی 2018 10:12

نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کر دیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی۔2018ء) نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کر دیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ حقائق اور حالات پر مبنی نہیں ہے، پتہ چلنا چاہیے کہ ملک کو اس نہج پر کس نے پہنچایا۔

انہوں نے کہا پتہ چلنا چاہیئے ملک میں دہشتگردی کی بنیاد کس نے رکھی تھی ؟ پاکستان دنیا میں تنہا ہو نہیں رہا بلکہ ہو چکا ہے، دنیا کا کونسا ملک ہمارے ساتھ ہے ؟ اتنا پیارا ملک تھا، اب دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔نواز شریف قومی کمیشن بنانے کے مطالبے پر ڈٹ گئے، سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کمیشن بننا چاہیئے تا کہ دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہو جائے، اس وقت بھی سلامتی کمیٹی میں یہی باتیں کی تھیں کہ گھر کو ٹھیک کریں، مگر اس وقت بیان کو ڈان لیکس بنا دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نواز شریف نے چند روز قبل قومی اخبار کو انٹرویو میں ممبئی حملوں میں پاکستانی کردار کا اعتراف کیا تھا جس پر تمام سیاسی جماعتوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ بھارتی میڈیا نے اس کو پاکستان کیخلاف پروپیگنڈہ کے طور پر استعمال کیا۔ بعد ازاں اس معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا جس نے اس بیان کی مذمت کی لیکن دوسری جانب نواز شریف اپنے بیان پر ڈٹ گئے۔ کل کو احتساب عدالت میں پیشی اور پھر شام کو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے اپنے موقف کا دفاع کیا جبکہ مطالبہ کیا کہ ان کے بیان پر کمیشن بنایا جائے اگر وہ غدار ثابت ہو جائیں تو انہیں پھانسی دے دی جائے۔