کینیڈا میں پہلے قائداعظم محمد علی جناح پارک کا افتتاح کر دیا گیا

کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے صوبہ مینی ٹوبا کے شہر ونی پیگ میں محمد علی جناح پارک کا افتتاح کردیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 14 مئی 2018 23:18

کینیڈا میں پہلے قائداعظم محمد علی جناح پارک کا افتتاح کر دیا گیا
ٹورنٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے ونی پیگ میں پہلے قائداعظم محمد علی جناح پارک کا افتتاح کردیا، پارک کی افتتاحی تقریب میں کینیڈا بھر سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے کینیڈا میں پہلے قائداعظم محمد علی جناح پارک کا افتتاح کردیا۔

اس حوالے سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق افتتاح کے موقع پر پورے کینیڈا سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ طارق عظیم خان نے اس موقع پر ایک الگ وطن کے قیام کے سلسلے میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں اپنے خطاب میں ہائی کمشنر نے کہا کہ اس کا کریڈٹ مینی ٹوبا میں پاکستانی نژاد کینیڈین متحرک کمیونٹی کو جاتا ہے جو شمالی امریکا میں پہلے پارک کو قائداعظم کے نام سے منسوب کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ ملک حاصل کرنے کے لئے ہمارے بانیوں کی قربانیوںکو خراج تحسین پیش کرنے کا لمحہ ہے۔ ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے کہا کہ ونی پیگ کی برداری پاکستانی ثقافت کے فروٖغ اورمثبت تصور کو اجاگر کرنے کے لئے ثقافتی میلوں کا انعقاد کرتے ہیں اور یہ دونوں کمیونیٹیزکے درمیان مفاہمت کے فروٖٖٖغ کے لئے پل کا کام کرتے ہیں۔

تقریب سے کینیڈا کی ارکان پارلیمان ٹیری ڈوگائڈ اور اقرا خالد نے بھی خطاب کیا اور پارک کو بانی پاکستان سے منسوب کئے جانے پر پر پاکستانی برادری کو مبارک باد دی۔جناح پارک کے قیام کے لیے چلائی گئی مہم کے سربراہ ڈاکٹر راشد باہری نے بتایا کہ محمد علی جناح پاکستانی عوام کے دل سے قریب ہیں اور یہ پارک آنے والی نسلوں کو ہمارے عظیم قائد کی یاد دلاتا رہے گا۔اس موقع پر سٹی کونسلر جنیس لیوک نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پارک کے احاطے میں کرکٹ گراؤنڈ بھی تعمیر کیا جائے گا۔