اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی، 52 فلسطینی شہید، 2400 سے زائد افراد زخمی

منگل 15 مئی 2018 00:10

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کے ..
غزہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس سے 52 فلسطینی شہید اور 2400 سے زائد افراد زخمی بھی ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی پر فلسطینیوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ’گریٹ مارچ آف ریٹرن میں شرکت کیلیے فلسطینیوں کی بڑی تعداد غزہ میں موجود تھی جس نے اسرائیل کے قیام کی 70 سال مکمل ہونے پر احتجاج کیا۔اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس سے 14 سالہ لڑکے سمیت 52 افراد شہید ہوگئے۔فلسطین کی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ، شیلنگ اور بم حملوں میں 2400 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔حکام کے مطابق زخمیوں میں 18 سال سے کم عمر کے 74 بچے، 23 خواتین اور 8 صحافی بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ 30 مارچ سے شروع ہونے والی تازہ ترین فلسطینی تحریک میں اب تک 100 کے قریب فلسطینی شہید اور 10 ہزار 500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔