Live Updates

عمران خان نے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب سے استعفے ، نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا

نواز شریف کے بیان کے بعد بھارت میں خوشیاں منائی گئیں،نواز شریف نے کہا پاکستان دہشت گرد بھارت بھیجتا ہے، پاکستانی اداروں کے خلاف بیانیہ ترتیب دیا جا رہا ہے،نواز شریف کے پانامہ میں پھنسنے کے بعد پاکستانی اداروں پر حملے تیز ہوئے نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 14 مئی 2018 22:52

عمران خان نے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب سے استعفے ، نوازشریف کا نام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان کے بعد بھارت میں خوشیاں منائی گئیں،نواز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گرد بھارت بھیجتا ہے، پاکستانی اداروں کے خلاف بیانیہ ترتیب دیا جا رہا ہے،نواز شریف کے پانامہ میں پھنسنے کے بعد پاکستانی اداروں پر حملے تیز ہوئے نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ نواز شریف بچنے کیلئے غیر ملکی اسٹیبلشمنٹ سے اپیل کر رہے ہیں،میمو گیٹ اسکینڈل پر حسین حقانی نے زرداری کو بچانے کی کوشش کی تھی،بھارت نے ڈان لیکس کے معاملے کو بھی اٹھایا تھا،پاکستانی اداروں کے خلاف بیانیہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانامہ میں نام آنے کے بعد پاکستانی اداروں پر حملے تیز ہوئے، ڈان لیکس کے حوالے سے راجہ ظفر الحق کی رپورٹ کو ابھی تک منظر عام پر نہیں لایا گیا،بھارت نے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے پیچھے نان اسٹیٹ ایکٹرز ہیں جبکہ نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ پاکستان ان دہشت گردوں کو روک سکتا تھا اور ممبئی حملہ کیس کے ٹرائل پر ہم نے کوشش نہیں کی، نواز شریف کو ممبئی حملوں پر بیان نہیں دینا چاہیے تھا،وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بھارت انٹرویو کو غلط رپورٹ کررہا ہے،ہمارے دو وزرائے داخلہ نے کہا کہ بھارت نے کیس میں تعاون نہیں کیا،عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے بیان پر بھارت کو بہت فائدہ ہوا ہے،نواز شریف نے کس سیاق و سباق میں یہ انٹرویو دیا اس بات کو دیکھنا ہو گا،نواز شریف انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ سے اپیل کررہے ہیں کہ مجھے بچائو،یہ ڈان لیکس اور ختم نبوت پر حملہ سب کچھ ایک ہی سلسلے کی کڑی آرہی ہیں،شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی کہہ رہے ہیں کہ بھارتی میڈیا نے نواز شریف کے انٹرویو کو غلط رپورٹ کیا ہے جبکہ انٹرویو میں نواز شریف نے کہا کہ ہمیں حملہ آوروں کو اجازت نہیں دینی چاہیے تھی،نواز شریف نے سرل المیڈا کو ملتان بلا کر خصوصی انٹرویو دیا،نواز شریف کے کہنے کا مطلب تھا کہ دہشت گردوں کو اسٹیٹ روک سکتی تھی یہ بھارت کی زبان بول رہے ہیں،نواز شریف چار سال وزیراعظم رہے اور یہ باتیں آج بتا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں،میں اس لئے نواز شریف کو میر جعفر کہتا ہوں، وہ صرف اور صرف بھارت کا راگ الاپ رہے ہیں،کشمیر میں سارا انتشار بھی اسی وجہ سے پھیل رہا ہے، آج نواز شریف کو این آر او مل جائے تو یہ سب کچھ بھول جائے گا،ان کے بچوں کے 300ارب روپے ملک سے باہر پڑے ہیں،انہیں ملک کی کیا فکر،جیسے جیسے نواز کیسز میں پھنستا گیا اس نے اسٹیبلشمنٹ پر حملے تیز کر دیئے،نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی بھی کرپشن میں ملوث ہیں، اس طوطے کی جان ایل این جی میں پھنسی ہوئی ہے،سوچتا تھا شاہد خاقان میں شاید تھوڑی اخلاقیات جاگ جائے جب سب کے سب کرپشن میں ملوث ہوںتو کچھ نہیں کیا جا سکتا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات