عوامی فلاح وبہبود کے ورلڈ میمن آرگنائزیشنکی خدمات قابل تحسین ہیں، گورنر سندھ

پیر 14 مئی 2018 23:04

عوامی فلاح وبہبود کے ورلڈ میمن آرگنائزیشنکی خدمات قابل تحسین ہیں، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوامی فلاح وبہبود کے کاموں ، عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے روزگار کی فراہمی ، نوجوانوں کی تربیت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی میں کمیونٹیز اہم کردار ادا کررہی ہیں با الخصوص ورلڈ میمن آرگنائزیشن اور اس سے منسلک ایسوسی ایشنز لوگوں کو تعلیم ، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے جو کہ قابل تحسین ہے۔

وہ پیر کو گورنرہائوس میں ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے چیئر مین ہارون کریم کی قیادت میں 5 رکنی وفد سے ملاقات کررہے تھے ۔ وفد میں جنرل سیکریٹری شعیب اسماعیل ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمود شیخانی ، الطاف جانگڑہ اور احمد شیخانی شامل تھے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ترقی یافتہ اقوام نے تعلیم پر بھرپور توجہ سے ہی ترقی حاصل کی ، پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں تعلیم کا کلیدی کردار ہے اس ضمن میں نجی ادارے ، کمیونٹی کی سطح پر کام کرنے والی تنظیمیں اور مخیر حضرات تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے ، ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے تحت بزنس اسکول اور جامعہ کی تعمیر سے لوگوں کو معیاری تعلیم حاصل ہوگی میمن کمیونٹی کاروباری برادری ہے ان کی سوچ اور جذبہ ملک وقوم کے لئے قابل تحسین ہے، بزنس اسکول اور جامعہ کی تعمیر میں حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن سٹی میں مختلف تعلیمی اداروں کے قیام سے لوگوں کو ایک جگہ معیاری تعلیم کے وسیع مواقع حاصل ہونگے۔ انہو ں نے کہا کہ ایجوکیشن سٹی کے علاوہ کورنگی کے علاقہ میں بھی جامعہ قائم کی جا سکتی ہے جہاں پر آرگنائزیشن کوہر ممکن مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ ملاقات میں چیئر مین ہارون کریم نے بتایا کہ بزنس اسکو ل اور جامعہ کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو اقتصادی ، معاشی اور کاروباری لحاظ سے تیار کرنا ہے ، ہمارے نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں انھیں قومی توقعات کے مطابق سنوارنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :